فوج اور عوام کے درمیان دراڈ ڈالنے کی کوشش کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو لوگ عوام اور فوج کے درمیان نہ ٹوٹنے والے رشتے کو توڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں اس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کیا۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ کی طرح پاکستان کے قابل فخر لوگوں سے جڑی رہے گی، جنہوں نے حالیہ دنوں میں ملک کے طول و عرض میں اپنی افواج سے محبت کا اظہار کیا اور دشمن اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم مقاصد کا منہ توڑ جواب دیا ہے‘۔