• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

یاسر نواز نے علیزے شاہ سے معافی مانگ لی

شائع May 29, 2023
اداکار نے ٹی وی شو میں علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے ہاتھ بھی جوڑے — اسکرین شاٹ
اداکار نے ٹی وی شو میں علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے ہاتھ بھی جوڑے — اسکرین شاٹ

سینئر اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار یاسر نواز نے نوجوان اداکارہ علیزے شاہ سے پرانے بیان پر معافی مانگتے ہوئے ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

یاسر نواز حال ہی میں ایکسپریس ٹی وی کے ’دی ٹاک شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ماضی میں علیزے شاہ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگی۔

یاسر نواز نے کہا کہ اب وہ پرانے معاملے پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتے اور ساتھ ہی انہوں نے علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے ان سے معافی مانگی اور کہا کہ ان سے غلطی ہوگئی تھی کہ انہوں نے اداکارہ کا نام لے کر شو میں بات کی۔

یاسر نواز کے مطابق انہیں علیزے شاہ کا نام نہیں لینا چاہیے تھا اور وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان سے معافی مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے علیزے شاہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ ییں اور انہیں یقین ہے کہ وہ مزید کامیابیاں سمیٹیں گی۔

یاسر نواز نے خواہش ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔

اسی شو میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس طرح اب اداکاروں اور ہدایت کاروں کے جھگڑے اور تنازعات ہوتے ہیں، ماضی میں بھی ایسے ہی ہوا کرتے تھے لیکن اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب ٹی وی چینل انتظامیہ اور شو کی ٹیم دو گھنٹے کے پروگرام کی ایک منٹ کی ویڈیو کلپ نکال کر اسے وائرل کروا دیتے ہیں جو کہ غلط اور غیر اخلاقی کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں تنازعات اور جھگڑوں کی خبریں کسی کو معلوم نہیں ہوتی تھیں اور اب پروگرامات میں کی جانے والی اچھی باتوں کو چھوڑ کر غلط باتوں کے کلپس کو وائرل کروا کر شو کی ریٹنگ بڑھائی جاتی ہے۔

یاسر نواز نے پروگرام میں اپنی اہلیہ و میزبان ندا یاسر کے شو کے وائرل ہونے والی کلپس پر بھی بات کی اور بتایا کہ دوسری خواتین کی طرح ان کی اہلیہ کو بھی بہت ساری چیزوں کا علم نہیں ہوتا، اس لیے لوگ ان کی بے علمی کی فارمولا کار اور 92 ورلڈ کپ جیسے کلپس وائرل کروا کر اس پر تنقید کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ یاسر نواز نے جون 2021 میں ایکسپریس ٹی وی پر احسن خان کے شو میں اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بھیانک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں۔

ان کی اہلیہ ندا یاسر نے بھی پروگرام میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں اور اداکارہ نے ان کے میاں کے ساتھ غلط کیا۔

اسی طرح نومبر 2021 میں اداکار نوید رضا نے بھی احسن خان کے شو میں اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ علیزے شاہ نے یاسر نواز اور ہمایوں سعید کے ساتھ برا سلوک کیا، ان کی عزت نہیں کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ علیزے شاہ نے ہمایوں سعید کے علاوہ یاسر نواز کے ساتھ بھی برا رویہ اختیار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024