عمران خان نے جو کمیٹی بنائی ہے اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا، خواجہ سعد رفیق
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے کہ مذاکرات کا دور شروع ہوا، میں اس سارے عمل کا حصہ تھا، جب وقت تھا ہم نے بات کی، بات طے بھی ہوگئی تھی کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے ہیں جو کہ سب چاہتے ہیں لیکن جب پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی تو انہوں (عمران خان) نے کہا کہ مذاکرات کو بند کردو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ہم نے گالیاں کھا کر بھی مذاکرات کا ماحول پیدا کیا تو وہ آپ نے ناکام بنادیا، اب یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات و املاک پر حملہ کریں اور غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہوجائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے جو کمیٹی بنائی ہے اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا، یہ تو سیاسی جماعتوں کو چور اور غدار کہتے تھے، حالانکہ انہوں نے جو کام کیا ہے وہ غداروں والا ہے، لہٰذا یہ مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔