جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہے ہیں میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں، شیخ رشید
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہے ہیں میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں۔
ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے 20 روز سے میری بہنوں، بھتیجوں، بھائیوں اور 30 برس پہلے وفات پا جانے والی والدہ کے گھر بھی پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے، انہوں نے میری والدہ کے گھر کو توڑ پھوڑ دیا ہے، 3 آدمیوں کو مجھے ختم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک میں نہیں تھا لیکن اس کے باوجود 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، میں پاک فوج کو عظیم اور اس ملک کا محافظ سمجھتا ہوں لیکن میں بزدل نہیں ہوں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا، میں نے پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے کہ زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جارہے ہیں وہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتے لیکن موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑیاں میرا زیور ہیں اور جیل میرا سسرال ہے، جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں، جب وہ اقتدار میں ہوگا تو مجھ پر کوئی ذمہ داری نہیں کہ میرا کیا ہوگا، حق کا جھنڈا بلند رکھوں گا بےشک میری جان چلی جائے۔