• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

عماد وسیم، اعظم خان امریکی لیگ میں کھیلنے کیلئے پی سی بی کی اجازت کے منتظر

شائع May 27, 2023
دونوں کھلاڑی پی سی بی سے اجازت کے منتظر ہیں—فائل/فوٹو: ڈان
دونوں کھلاڑی پی سی بی سے اجازت کے منتظر ہیں—فائل/فوٹو: ڈان

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اور نوجوان بلے باز اعظم نے رواں برس جولائی میں امریکا میں ہونے والی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے پہلے سیزن میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اجازت کا انتظار ہے۔

مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق عماد وسیم اور اعظم خان نے ایم ایل سی کی ٹیم سیٹل اورکاس کے ساتھ معاہدے پر اصولی طور پر اتفاق کرلیا۔

پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم دونوں کھلاڑی ایم ایل سی کی جس ٹیم سے کھیلنے کے لیے تیار ہیں، وہ انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم دہلی کیپٹلز کے شریک مالک کمپنی جی ایم آر گروپ کی ملکیت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کا حصہ ٹیسٹ اور مختصر طرز کھیلنے والے اور سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل مزید دو کھلاڑی بھی دیگر فرنچائزز کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ مذکورہ دونوں کھلاڑی پی سی بی کی جانب سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے این او سی کے اجرا کا انتظار کر رہے ہیں۔

ایم ایل سی میں کسی پاکستانی کھلاڑی کی شرکت اہم ہوگی کیونکہ پاکستانی کھلاڑی متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والی دو بڑی لیگز میں حصہ نہیں لے رہے جہاں آئی پی ایل کی ٹیموں کے مالکان نے فرنچائزز حاصل کرلی ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کی لیگز میں پاکستانی کھلاڑی جہاں بین الاقوامی شیڈول کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائے وہی فرنچائز مالکان بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے کتراتے ہیں، جس کی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں سیاسی کشیدگی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں ایکشن میں نظر آئے تھے اور اس کے بعد تعلقات کی وجہ سے کھلاڑیوں کو لیگ سے دور رکھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایم ایل سی کی 4 فرنچائزز میں آئی پی ایل کی ٹیموں کے شریک مالکان نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اسی طرح دو ٹیموں میں کرکٹ وکٹویہ اور کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے حصص ہیں۔

ایم ایل سی میں کھلاڑیوں کے لیے 11 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے مالیت کے معاہدے کی حد ہے اور لیگ میں اب تک جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک اور دیگر مشہور کھلاڑی حصہ بن گئے ہیں اور انہوں نے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا ہے۔

امریکا میں ہونے والی لیگ کے پہلے سیزن میں ہر ٹیم 5 گروپ میچز کھیلیں گے تاہم آنے والے برسوں میں مزید وسعت دیے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024