• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دنیا کی پہلی اسمارٹ جائے نماز جس کی ’تمام خصوصیات شرعی قوانین کے مطابق ہیں‘

شائع May 26, 2023
فوٹو: خلیج ٹائمز
فوٹو: خلیج ٹائمز

آپ نے اسمارٹ واچ، اسمارٹ ٹی وی اور اسمارٹ فون تو دیکھا ہی ہے لیکن اب پہلی بار مسلمانوں کے لیے اسمارٹ جائے نماز تیار کی گئی ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی پہلی اسمارٹ جائے نماز بنانے والے عبدالرحمٰن صالح خامس نے جنیوا میں منعقدہ 48 ویں بین الاقوامی ایجادات کی نمائش میں سونے کا تمغہ بھی جیتا ہے۔

عبدالرحمٰن صالح کا تعلق قطر سے ہے، انہوں نے اس جائے نماز کو ’سجدہ‘ کا نام دیا ہے جو نو مسلم کو نماز سیکھنے اور اسے پڑھنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

یہ جائے نماز جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آراستہ ایک قالین ہے جو نماز پڑھنے کے طریقے کے علاوہ دیگر اسلامی عبادات کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

فوٹو: خلیج ٹائمز
فوٹو: خلیج ٹائمز

اسمارٹ جائے نماز کیسے کام کرے گی؟

اسمارٹ جائے نماز کے مؤجد کی ویب سائٹ کے مطابق جائے نماز میں ایل ای ڈی اسکرین، اسپیکرز نصب ہیں، جو نماز سیکھنے والوں کو انگریزی اور عربی زبانوں میں 25 سے زائد مختلف طریقوں سے نماز پڑھنا سکھائے گی۔

اسمارٹ جائے نماز کے ساتھ موبائل ایپلی کیشن کنیکٹ کرکے نماز سیکھنے والے مسلمان مخصوص عبادت اور اسکرین پر قرآنی آیات پڑھ کر نماز سیکھ سکتے ہیں۔

یہ جائے نماز ان لوگوں کے لیے ہے جو بغیر کسی پریشانی کے صحیح طریقے سے نماز پڑھنے کا طریقہ سیکھنا چاہتے ہیں۔

فوٹو: خلیج ٹائمز
فوٹو: خلیج ٹائمز

اسمارٹ جائے نماز کی خصوصیات

شریعت کی روشنی میں نماز کا درس

اسمارٹ جائے نماز کے استعمال کرنے سے اسکرین پر نماز پڑھنے کی تمام تر ہدایات سامنے آجائیں گی جو شریعت کی روشنی میں نماز کا درس دے گی۔

قرآن پاک پڑھنے اور حفظ کرنے میں مدد

اس اسمارٹ جائے نماز میں ایل ای ڈی اسکرین نصب ہے جو مسلمانوں کو نماز پڑھنے کے دوران قرآن پاک پڑھنے اور حفظ کرنے میں مدد دے گی۔

فونٹ اور تلاوت کا انداز

اسمارٹ جائے نماز میں بہت سے آپشن ہیں، نمازی اسے اپنے مطابق کنٹرول کرسکتا ہے، قرآن پاک کی آیات کا سائز اور تلاوت کے انداز آپ اپنے مطابق بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔

ایک سے زائد زبانوں میں نماز پڑھنے کی رہنمائی

قرآنی آیات کا ترجمہ عربی کے علاوہ انگریزی، لاطینی زبان میں پڑھ سکتے ہیں جبکہ اس کو اپڈیٹ کرنے پر آپ مزید زبانوں میں بھی قرآنی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔

فوٹو: خلیج ٹائمز
فوٹو: خلیج ٹائمز

اسے کون استعمال کرسکتا ہے؟

نومسلم

ویب سائٹ کے مطابق یہ جائے نماز ایک پرسنل ٹرینر کے طور پر کام کرے گی جو نومسلمانوں کو دن میں پانچ بار نماز پڑھنے کے لیے دیگر اسلامی تعلیمات سے بھی آگاہی دے گی۔

قرآن پاک کی تلاوت کے دوران مسلمانوں کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ وہ کوئی آیت بھول گئے ہیں یا وہ قرآن پاک کی تلاوت ٹھیک نہیں کر رہے۔

نو مسلم نماز کی صحیح ادائیگی کے حوالے سے بھی مکمل تفصیلات جان سکتے ہیں۔

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے آسان الفاظ میں نماز سیکھنے کی ہدایات بھی شامل ہیں، ہر نماز میں یہ بچوں کے لیے بھی ایک پرسنل ٹرینر کے طورپر کام کرےگی اور رہنمائی فراہم کرے گی۔

تراویح پڑھنے کے دوران

یہ جائے نماز بالخصوص رمضان المبارک میں تراویح پڑھنے کے دوران بہت کارآمد ثابت ہوگی کیونکہ اسکرین میں آپ باآسانی قرآنی آیات کی تلاوت کرسکتے ہیں۔

اسمارٹ جائے نماز میں اسپیکر کے ذریعے تلاوت سن بھی سکتے ہیں اور اسے حفظ بھی کرسکتے ہیں۔

عبدالرحمٰن صالح خامس کے مطابق جائے نماز کو ڈیزائن کرتے ہوئے انہوں نے تمام ضروری ہدایات پر عمل کرنے کو یقینی بنایا ہے، اس میں موجود تمام فیچرز اور ہدایات اسلامی تعلیمات و شرعی قوانین کے مطابق ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024