عدم اعتماد کے بعد عمران خان کو کہا علیم خان اور جہانگیر ترین کو ’راضی‘ کرلیں، جلیل شرقپوری
پی ٹی آئی کے سابق رہنما جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد آنے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کو کہا تھا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین کو ’راضی‘ کرلیں، اپنی طاقتوں کو ٹھیک کریں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل شرقپوری نے کہا کہ عدم اعتماد کے دوران میں عمران خان سے رابطے میں تھا اور انہیں ذاتی طور پر کہا تھا کہ مرکز کے حالات خراب ہو رہے ہیں اور صوبے کے معاملات بھی کنٹرول سے باہر ہو رہے ہیں، زرداری اور شہباز شریف جو کر رہے ہیں وہ ان کا حق ہے لیکن ہمارا بھی حق ہے کہ اپنے ساتھیوں کو اکٹھا کریں۔
جلیل شرقپوری نے کہا کہ میں نے عمران خان کو کہا تھا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین کو راضی کرنا چاہیے جس پر انہوں نے کہا تھا کہ ’وہ تو کہتا ہے مجھے وزیر اعلیٰ بنا دیں۔‘