• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نسیم شاہ کا ٹی20 بلاسٹ کیلئے انگلش کاؤنٹی لیسسٹرشائر سے معاہدہ

شائع May 23, 2023
نسیم شاہ کو انگلینڈ کی لیگ ٹی20 بلاسٹ میں کھیلنے کا تجربہ ہے— فائل/فوٹو: ٹوئٹر
نسیم شاہ کو انگلینڈ کی لیگ ٹی20 بلاسٹ میں کھیلنے کا تجربہ ہے— فائل/فوٹو: ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے انگلینڈ کے ٹی20 بلاسٹ کے آغاز کے لیے لیسسٹرشائر سے معاہدے پر دستخط کردیے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 20 سالہ نسیم شاہ کو افغانستان سے تعلق رکھنے والے نوین الحق کے متبادل کے طور پر لیا گیا ہے جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنو سپر جائنٹ کے پلے آف میں شریک ہوں گے۔

نسیم شاہ نے انگلینڈ میں آخری دفعہ گزشتہ برس پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کھیلے تھے جہاں قومی ٹیم نے فائنل تک رسائی کی تھی۔

لیسسٹر شائر کے ڈائریکٹر کرکٹ کلاؤڈ ہنڈرسن کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوین الحق کی آئی پی ایل میں مصروفیت کا مطلب تھا کہ ہمیں فوری طور پر متبادل کا انتظام کرنا پڑے گا اور ہم بہت خوش ہیں کہ نسیم شاہ جیسے باؤلر دستیاب ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ٹی20 کرکٹ میں ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور ہم ان کو جلد ہی لیسسٹر شائر میں دیکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

لیسسٹر شائر کی ویب سائٹ کے مطابق نسیم شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ میں وائٹیلٹی بلاسٹ کے آغاز میں شرکت کے لیے پرجوش ہوں، میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے ملاقات اور لیسسٹرشائر کو میچوں میں کامیابی کے لیے مدد کرنے کے بے تابی سے انتظار کر رہا ہوں۔

نسیم لیسسٹر شائر کی نمائندگی کرنے والے پاکستان کے ایک کھلاڑی ہیں جہاں اس سے قبل محمد عباس، شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمر اکمل بھی اپنے جوہر دکھا چکے ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق نسیم شاہ ٹی20 بلاسٹ میں اپنا پہلا میچ برمنگھم بیئرز کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں کھیلیں گے۔

نسیم شاہ اس سے قبل ٹی20 بلاسٹ میں گزشتہ برس گلوسسٹرشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اس کے علاوہ ولش فائر سے جڑ گئے تھے تاہم پاکستان کی نیدرلینڈز کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کی وجہ سے کاؤنٹی کی جانب نہیں کھیل پائے تھے۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر کو ٹی20 لیگز کا تجربہ ہے اور وہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 19 ٹی20 میچز کھیل کر 15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ 15 ٹیسٹ اور 8 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا تجربہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024