گجرات کی عدالت سے رہائی کے حکم کے بعد شیریں مزاری کو ’ویگو‘ میں اٹھالیا گیا
گجرات کی مقامی عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو رہا کرنے کے بعد ایک بار پھر انہیں بغیر نمبر پلیٹ والی ویگو میں اٹھالیا گیا۔
جائے وقوع پر موجود ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے اقبال مرزا کے مطابق شیریں مزاری کو پولیس نے 9 مئی کو کھاریاں میں پارٹی کارکنان کو اکسانے کے مقدمے میں عدالت میں پیش کیا تھا۔
سماعت کے دوران شیریں مزاری کے وکیل ایڈووکیٹ فراز احمد نے کھاریاں جوڈیشل مجسٹریٹ اختر علی کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما نے کبھی کسی احتجاج میں شرکت نہیں کی اور پولیس کی جانب سے ثبوت کی عدم موجودگی کا حوالہ دیا۔
سماعت ختم ہونے کے بعد عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ شیریں مزاری کو رہا کیا جائے، تاہم عدالت کے باہر بغیر نمبر پلیٹ کی ویگو میں انہیں اٹھالیا گیا۔