انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چھوٹے وفود متعلقہ شراکت داروں کے پاس بھیجیں گے جو ان کو صورتحال سے آگاہ کریں تاکہ ہم پاکستان کا دفاع کر سکیں اور ان کو اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری دل میں کوئی انتقام نہیں لیکن جنہوں نے 9 مئی کو شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی ہے، اور ان کے یادگاروں کو پاؤں تلے روندا ہے اور قائد اعظم ہاؤس کو جلایا ان کو قانون و آئین کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا، اگر ان سے رعایت کی گئی تو یہ ملک نہیں بچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم منقسم مزاج نہیں ہیں، ہماری تربیت نواز شریف نے کی ہے، ہم نے بڑی بڑی مصیبتوں کو تحمل سے برداشت کیا، پیپلز پارٹی نے بڑے بڑے واقعات کو صبر و تحمل سے برداشت کیا مگر یہ واقعہ ایسا ہے جو میرے اور آپ (اسپیکر) کے کنٹرول سے باہر ہے، یہ قوم کی امانت ہے اور یہ امانت میں قوم کو واپس کروں گا۔