• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پرینیتی چوپڑا نے منگنی کی تصاویر شیئر کردیں

شائع May 22, 2023
دونوں نے 10 دن قبل منگنی کی تھی — فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 10 دن قبل منگنی کی تھی — فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے منگنی ہوجانے کے 10 دن بعد سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے سیاست دان راگھو چڈھا سے اپنی منگنی کی تصدیق کردی۔

پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے سیاست دان راگھو چڈھا کی منگنی رواں ماہ 12 مئی کو دارالحکومت نئی دہلی میں ہوئی تھی۔

دونوں کی منگنی کی تقریب میں پریانکا چوپڑا سمیت متعدد معروف بولی وڈ شخصیات نے شرکت کی تھی جب کہ ملک بھر سے عام آدمی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاست دان بھی شریک ہوئے تھے۔

اس وقت بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ دونوں کی منگنی ہوگئی لیکن تب پرینیتی چوپڑا نے کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کی تھی لیکن بعد ازاں انہوں نے منگنی کی تصاویر شیئر کرنا شروع کردی تھیں۔

اب انہوں نے منگنی کی مزید تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی رومانوی کہانی بھی بیان کردی اور بتایا کہ ان کی راگھو چڈھا سے پہلی ملاقات کب اور کیسے ہوئی تھی۔

اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ان کی پہلی ملاقات ایک ناشتے پر ہوئی تھی۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے جب پہلی بار راگھو چڈھا کے ساتھ ناشتہ کیا تو وہ اس وقت ہی سمجھ گئیں کہ انہیں ایسا شخص مل گیا ہے جو بہادر، خوبصورت، عقل مند اور دوسروں کو ہمت دینے والا ہے۔

پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ ان کی منگنی کی تقریب ایک خواب جیسی تھی، جہاں جذبات، محبت اور اپنائیت تھی اور اس محبت میں اس وقت شدت آگئی جب انہوں نے تقریب میں اپنے پیاروں کو گلے لگایا۔

اداکارہ نے لکھا کہ تقریب کے دوران جب ان دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا تب ایک پری اور شہزادے کی کہانی کی شروعات ہوئی اور اب زندگی ان کی سوچ سے بھی زیادہ بہتر اور پرسکون ہوچکی ہے۔

پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کے درمیان کچھ عرصے سے تعلقات تھے اور یہ پہلے ہی چہ مگوئیاں تھیں کہ دونوں 2023 کے وسط سے پہلے ہی رشتے میں بندھ جائیں گے۔

دونوں نے منگنی کے بعد تاحال یہ اعلان نہیں کیا کہ وہ کب تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر دونوں رواں برس کے اختتام تک ہی شادی کرلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024