• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پی آئی اے کا حج آپریشن شروع، 700 سے زائد عازمین سعودی عرب روانہ

شائع May 22, 2023
پی آئی اے 22 جون تک حج آپریشن کے دوران 65 ہزار افراد کو سعودی عرب پہنچائے گی—فائل فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
پی آئی اے 22 جون تک حج آپریشن کے دوران 65 ہزار افراد کو سعودی عرب پہنچائے گی—فائل فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ملک بھر سے حج آپریشن کا آغاز ہوگیا، پہلی پرواز گزشتہ روز 328 عازمین کو لے کر کراچی سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 22 جون تک حج آپریشن کے دوران 65 ہزار افراد کو سعودی عرب پہنچائے گی۔

اعلیٰ سرکاری افسران اور پی آئی اے انتظامیہ عازمین کو رخصت کرنے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے، پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں میں 700 سے زائد زائرین سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اسلام آباد سے مدینہ جانے والی پہلی پرواز میں سوار عازمینِ حج کو رخصت کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے، وفاقی وزرا طلحہ محمود اور شاہ زین بگٹی کے علاوہ پی آئی اے، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور وزارت مذہبی امور کے حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کے لیے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جارہے ہیں، رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اورشیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی، قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد سکھراور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔

رواں برس پی آئی اے سے 40 ہزار 700، سعودی ایئرلائنز سے 36 ہزار، ایئر بلیو سے 2 ہزار 250 اور سرینا ایئرلائن سے 2 ہزار 280 عازمین حج کی روانگی متوقع ہے، کُل 42 ہزار 811 عازمینِ حج مدینہ اور 38 ہزار 419 جدہ پہنچیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق رواں برس کراچی سے 46 ہزار 249 عازمینِ حج سعودی عرب پرواز کریں گے، یاد رہے کہ گزشتہ برس یہ تعداد 24 ہزار 998 تھی۔

لاہور سے پہلی پرواز 279 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوئی جبکہ فیصل آباد سے مدینہ جانے والی پرواز میں 149 عازمین سوار ہوئے، فیصل آباد میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ و دیگر نے زائرین کو رخصت کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024