• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مینتھول سونگھنے سے الزائمر کے مرض میں کمی کا انکشاف

شائع May 20, 2023
—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

ہمارے کھانوں میں استعمال ہونے والے پودینے کے اجزا سے حاصل کیے جانے والے مینتھول کو اگرچہ طویل عرصے سے دوائیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم اب اس کا ایک شاندار فائدہ بھی سامنے آگیا۔

ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مینتھول کے سونگھنے سے الزائمر کے مریضوں کے ذہنی افعال میں بہتری آتی ہے، جس سے ان کی یادداشت بہتر ہوجاتی ہے۔

طبی جریدے ’فرنٹیئر سن‘ میں شائع تحقیق کے مطابق مینتھول کی خوشبو کے الزائمر سمیت دیگر اعصابی اور ذہنی بیماریوں پر اثرات جانچنے کے لیے ماہرین نے اس کا چوہوں پر تجربہ کیا۔

ماہرین نے چوہوں کو مینتھول کی خوشبو سنگھانے سے قبل ان کے ٹیسٹ کیے اور تحقیق کے بعد بھی جانوروں کی ذہنی حالت کو جانچا گیا۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ مینتھول سنگھانے سے چوہوں کی ذہنی حالت بہتر ہوئی اور اس کی خوشبو نے دماغ کے اس حصے پر مثبت اثرات مرتب کیے جو یادداشت اور احساس و جذبات کو کنٹرول کرتا ہے۔

مینتھول کی خوشبو سونگھنے سے دماغ میں پیدا ہونے والی خصوصی تیزابیت (انفلیمیشن) کم ہونے کے شواہد ملے، جس سے دماغ کا وہ حصہ زیادہ متحرک ہوگیا جو یادداشت کو کنٹرول کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ مینتھول کو سونگھنے سے (interleukin-1-beta) نامی پروٹین میں نمایاں کمی ہوتی ہے اور یہ کیمیکل تیزابیت (انفلیمیشن) کا سبب بنتا ہے۔

تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ مینتھول کو کتنی دیر تک اور یومیہ کتنی بار سونگھنے سے الزائمر کے مریضوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، تاہم ماہرین نے مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق پر زور دیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مینتھول کو صرف پودینے سے ہی نہیں بلکہ دیگر قدرتی جڑی بوٹیوں سے بھی حاصل کیا جاتا ہے، تاہم پودینے میں اس کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔

مینتھول ایک طرح کا عرق ہے، جسے طویل عرصے سے بام اور کریموں سمیت مالش کرنے والے تیل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

مینتھول کے عرق کو مشروبات اور ٹافیوں سمیت دیگر غذاؤں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

مینتھول کا عرق عام طور پر ٹھنڈا اور انسانی جسم اور مختلف عضو کو راحت بخشنے والا ہوتا ہے، یہ نزلہ و زکام کو بہتر بنانے والے بام میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں ماضی میں کچھ تحقیقی رپورٹس سے دریافت ہوا تھا کہ مینتھول سے آدھے سر کے درد کی شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ وہ دیگر علامات جیسے روشنی سے حساسیت، قے اور متلی کی شدت میں بھی کم کرسکتا ہے۔

بعض تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ پودینے کے تیل کے سلوشن کو کنپٹی اور پیشانی پر لگانے سے تناؤ کے باعث ہونے والے سردرد کو دور کیا جاسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024