• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پشاور: بچوں کو اسمارٹ فون کرائے پر دینے کے الزام میں 3 افراد گرفتار

شائع May 20, 2023
سٹی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہیں فقیر آباد کے علاقے میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیااور دکان سے 23 اسمارٹ فون ضبط کیے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
سٹی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہیں فقیر آباد کے علاقے میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیااور دکان سے 23 اسمارٹ فون ضبط کیے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پشاور کی کیپٹل سٹی پولیس نے شہر میں کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو موبائل فون کرائے پر دینے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سٹی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملزمان بچوں کو اسمارٹ فون کرائے پر دیتے تھے جس کے ذریعے بچے دکان پر پب جی گیم کھیلتے تھے اور فحش ویڈیوز بھی دیکھتے تھے۔

سٹی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہیں فقیر آباد کے علاقے میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا اور دکان سے 23 اسمارٹ فون بھی ضبط کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنانے یا ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست دینے کے لیے ’رابطہ‘ موبائل ایپلی کیشن لانچ کر دی۔

جمعے کو نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی ٹریفک افسر قمر حیات خان نے کہا تھا کہ ٹریفک پولیس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے لائسنس کی تجدید یا نئے لائسنس کے حصول میں آسانی پیدا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس ان کے متعلقہ پتے پر فراہم کیے جائیں گے جب کہ جنرل پوسٹ آفس کے ساتھ پہلے ہی اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔

ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم کے محکمے سے رابطہ کیا ہے تاکہ نصاب میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کے حوالے سے مضامین شامل کیے جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکار کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ میں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے سیمینار منعقد کر رہے ہیں۔

قمر حیات نے کہا کہ پولیس چیف خیبر پختونخوا پولیس نے ٹریفک وارڈنز کے لیے قوانین کی منظوری بھی دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی عارضی رجسٹریشن بھی شروع کر دی ہے۔

ٹریفک پولیس افسر نے کہا کہ نوجوانوں کے حوالے سے ڈرفٹ اور ڈریگ ریسنگ میں ملوث ہونے کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا خطرناک عمل روکنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ون ویلنگ، ٹینٹڈ شیٹس کا استعمال، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے اور اوور اسپیڈنگ پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024