ٹوئٹر صارفین اب 2 گھنٹے کی ویڈیو اپلوڈ کرسکیں گے
عام طور پر ٹوئٹر مختصر دورانیے کی ویڈیوز اپلوڈ کرنے کے لیے جانا جاتا ہے تاہم حال ہی میں ایلون مسک نے ایک زبردست فیچر متعارف کروایا ہے۔
قبل ازیں ٹوئٹر پر زیادہ سے زیادہ 10 منٹ کی ویڈیو اپلوڈ کی جاسکتی تھی بعدازاں 60 منٹ کی ویڈیو اپلوڈ کرنے کی پالیسی اپنائی گئی۔
اب گزشتہ روز ایک بار پھر پالیسی تبدیل کردی گئی ہے۔
ویڈیو اپلوڈ کرنے کا دورانیہ 2 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے یعنی 2 گھنٹے کی ویڈیو کا سائز اب 8 جی بی ہوگا جو اس سے قبل 2 جی بی تھا۔
لیکن صرف وہ صارفین اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس حاصل کی ہے یعنی صرف ویری فائیڈ صارفین کے لیے نئی سہولت متعارف کی گئی ہے۔
ایلون مسک نے بھی اس سہولت کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ٹوئٹر بلیو ویریفائیڈ سبسکرائبر اب 2 گھنٹے (8 جی بی) تک کی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔
ایلون مسک نے سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹوئٹر پر کئی نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے ایوری تھنگ ایپ ٹوئٹر کے نام سے نئے فیچرز متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا، نئے فیچرز سے ٹوئٹر ایپ سے دنیا بھر میں آڈیو اور ویڈیو کالز کے ساتھ انکرپٹڈ میسج کیے جا سکیں گے۔
یہی نہیں بلکہ فروری میں بلیو سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کو 280 کے بجائے اب 10 ہزار حروف تک کی ٹوئٹس کرنے کی اجازت دی گئی تھی یہی نہیں بلکہ پوسٹ کو ایڈٹ کرنے کا فیچر بھی متعارف کروایا گیا تھا۔