• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

سپریم کورٹ کا ’گوادر حق دو تحریک‘ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کو رہا کرنے کا حکم

شائع May 18, 2023
حق دو تحریک کے رہنما کی گرفتاری کے بعد مقامی افراد نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا تھا— فوٹو: مولانا ہدایت الرحمٰن ٹوئٹر
حق دو تحریک کے رہنما کی گرفتاری کے بعد مقامی افراد نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا تھا— فوٹو: مولانا ہدایت الرحمٰن ٹوئٹر

سپریم کورٹ نے ’گوادر حق دو تحریک‘ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گوادر حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمٰن پر لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے اور دسمبر 2022 سے وہ تاحال جیل میں ہیں۔

تاہم سرکاری وکیل نے کہا مرکزی ملزم ماجد جوہر کے جوڈیشل ہونے تک ہدایت الرحمٰن کو ضمانت نہ دی جائے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا ہدایت الرحمٰن پر پولیس اہلکار کے قتل میں اکسانے اور اعانت کا الزام ہے؟ جس پر وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اکسانے اور اعانت کے جرم کا تعین ٹرائل میں ہوگا، مولانا ہدایت الرحمٰن کی تحریک پانی کی فراہمی سے متعلق ہے، گوادر انٹرنیشنل شہر بن رہا ہے اور وہاں لوگوں کو مسائل ہیں۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ گوادر اتنا بڑا شہر بن رہا ہے، آپ کا تعلق بلوچستان سے ہی ہے اور سینیٹر بھی ہیں، گوادر کے مسائل حل کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے تین لاکھ کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا ہدایت الرحمٰن کی ضمانت پر رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے لیے آئین اور قانون کی بالادستی ضروری ہے اور ہم چاہتے ہیں ملک میں محمود و ایاز ایک ہی صف میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت سے ہمیں انصاف ملا، جس نے گودار کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لیے احتجاج کیا اور آواز بننے کی کوشش کی، اس کو زندان میں ڈال دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور گودار ملکی معاشی ترقی کے لیے اہم حب ہے۔

ماضی میں دیے گئے عدالتی فیصلوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاناما کیس میں ملک کے بااثر اور اشرافیہ کے نام آئے، سپریم کورٹ میں ہماری درخواست کسی ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ 436 افراد کے خلاف کارروائی کے لیے تھی لیکن عدالت نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ کسی اور وجہ سے دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کے بعد پنڈورا لیکس اور توشہ خانہ میں بھی بڑے بڑے نام سامنے آئے مگر سپریم کورٹ خاموش ہے جبکہ نیب، ایف آئی اے اور عدالتوں نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔

یاد رہے کہ مولانا ہدایت الرحمٰن کو قتل کے الزام میں 13 جنوری 2023 کو گوادر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

گوادر پولیس نے حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کے خلاف قتل، اقدام قتل، لوگوں کو تشدد پر اکسانے اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024