عام شہریوں پر آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جانا چاہیے، رضا ربانی
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ سیاسی ایجنڈے کے لیے عوامی اور دفاعی تنصیبات پر حملے، انہیں نذر آتش کرنے اور لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جانی چاہیے البتہ ان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جانا چاہیے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے خصوصی قوانین اور عدالتوں کے ساتھ فوجداری انصاف کا نظام موجود ہے لہٰذا عام شہری ہونے کے ناطے منصوبہ سازوں، حملہ آوروں اور حملہ آوروں پر اس نظام کے تحت مقدمہ چلنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت عام شہریوں پر مقدمہ نہیں چلایا جانا چاہیے، اس طرح کے ٹرائلز شفافیت پر سوال اٹھائیں گے اور یہ آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہیں۔