• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان کےخلاف ’توہینِ مذہب کارڈ‘ استعمال کرنے پر امریکی رپورٹ میں تنقید

شائع May 17, 2023
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کو یہودی ایجنٹ قرار دیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کو یہودی ایجنٹ قرار دیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

عالمی مذہبی آزادی سے متعلق سالانہ امریکی رپورٹ میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف ’توہین مذہب کارڈ‘ استعمال کرنے پر ایک بار پھر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی مذہبی آزادی سے متعلق واشنگٹن میں جاری ہونے والی امریکی رپورٹ، 2022 کے دوران پیش آنے والے واقعات کا احاطہ کرتی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس کئی سیاسی رہنماؤں نے اپنے سیاسی حریفوں پر حملہ کرنے کے لیے اشتعال انگیز مذہبی لہجے کا استعمال کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 13 ستمبر کو رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) جاوید لطیف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ بطور وزیراعظم اسلام کے بنیادی اصولوں پر حملہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے 7 ستمبر کو اپنی ٹوئٹس میں عمران خان کو ’یہودی ایجنٹ‘ قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ان دعووں کے ردعمل میں حکومت پر مذہبی تعصب اور نفرت پھیلانے کا الزام عائد کیا۔

یو ایس کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف)، جو کہ سالانہ رپورٹ مرتب کرتا ہے، نے یکم مئی کو جاری ہونے والی اپنی ابتدائی رپورٹ میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا تھا۔

اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 2022 میں وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں برسر اقتدار آنے والی حکومت نے توہین مذہب کے قانون کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ارکان کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔

یہ معاملہ بعد ازاں ایک نیوز بریفنگ کے دوران بھی اس وقت دوبارہ زیر بحث آیا جب ایک صحافی نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل کو یاد دلایا کہ توہین مذہب کے الزامات کے نتیجے میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور سوال پوچھا کہ کیا امریکا، توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال سے متعلق اپنے تحفظات سے پاکستانی حکومت کو آگاہ کرے گا؟

ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم ایسے قوانین کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں جو کسی بھی فرد کی قومی شناخت سے قطع نظر اسے کسی عقیدے کا انتخاب کرنے، کسی عقیدے پر عمل کرنے، اپنا مذہب تبدیل کرنے یا کسی بھی مذہب پر عمل پیرا نہ ہونے کے اختیار میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ پاکستان میں توہین مذہب کے واقعات مذہبی آزادی کے لیے بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں اور اسی طرح ہجوم کے ہاتھوں تشدد کا بھی معاملہ ہے جو طویل عرصے سے اس طرح کے الزامات کے ساتھ دیکھنے میں آرہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پولیس متعدد بار قتل، جسمانی بدسلوکی، یا مذہبی اقلیتوں کے ارکان کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، عدالتوں کی جانب سے توہین مذہب کے قوانین کو نافذ کیا جاتا رہا ہے جس کی سزا موت ہے، تاہم حکومتِ پاکستان نے توہین مذہب کے الزام میں کبھی کسی کو پھانسی نہیں دی۔

سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اس رپورٹ میں کہا گیا کہ 2022 کے دوران کم از کم 52 افراد پر توہین مذہب یا اس سے جڑے الزامات عائد کیے گئے، گزشتہ چند برسوں کے دوران توہین مذہب کے ارتکاب کے الزام میں کم از کم 4 افراد کو 2022 میں موت کی سزا سنائی گئی، ان میں 2 لوگ عیسائی اور 2 مسلمان تھے۔

2022 میں عدالتوں نے توہین مذہب کے الزام میں چند افراد کو سنائی گئی سزاؤں کو اپیل پر ختم کر دیا تھا اور کچھ ایسے افراد کو بری یا ضمانت دے دی جنہوں نے توہین مذہب کے الزام میں برسوں جیل میں گزار دیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024