عمران خان بتائیں، کیا مراد سعید اور یاسمین راشد ایجنسیوں کے لوگ ہیں، وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ 9مئی کو جو کچھ ہوا وہ انہوں نے نہیں بلکہ ایجنسیوں نے کرایا تو ان سے سوال ہے کہ کیا مراد سعید، یاسمین راشد اور اعجاز ایجنسیوں کے لوگ ہیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس نے لوگوں کے سر پھٹوائے، دھمکیاں دیں وہ کہہ رہا ہے کہ میری پوری سیاست پرامن ہے اور وہ درست ہے کیونکہ یہ غیرملکی ایجنٹ یہ سمجھتا ہے کہ یہ سب پرامن ہے لیکن اب وضاحتیں یہ دے رہے ہیں کہ جو کچھ 9مئی کو ہوا، وہ انہوں نے نہیں کرایا بلکہ ایجنسیوں نے کرایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے سوال یہ ہے کہ مراد سعید جن کے آڈیو اور پیغامات عوام نے سنے، کیا وہ ایجنسی کے بندے ہیں؟ کیا یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری جو مختلف حساس تنصیبات پر حملے کی ہدایات دے رہے تھے، کیا وہ ایجنسی کے بندے ہیں؟ کیا آپ کے تمام اراکین اسمبلی، ٹکٹ کے حصول کے خواہاں افراد اور ٹائیگر فورس کے اہلکار جب 9مئی کو دہشت گردی کررہے تھے اور احکامات دے رہے تھے، حساس تنصیبات، شہیدوں اور غازیوں کی یادگاروں جلا رہے تھے، ان کی بے حرمتی کررہے تھے تو کیا وہ سارے ایجنسیوں کے لوگ تھے، کیا آپ کو لگتا ہے کہ سب لوگ یہ بات مان لیں گے۔