لاہور ہائی کورٹ نے عمران ریاض کو کل تک پیش کرنے کا حکم دے دیا
لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے پیر کو اینکر پرسن عمران ریاض کو گرفتار کرنے والے پولیس انسپکٹر کو معطل کر دیا اور سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو مبینہ طور پر لاپتہ میڈیا پرسن کی بازیابی کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے عمران ریاض کے والد کی دائر کردہ حبسِ بیجا کی درخواست پر سماعت میں متعلقہ ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی پی او کو تعزیری کارروائی کی تنبیہ بھی کی۔
جسٹس نے کہا کہ جب اینکر پرسن کو نقصِ عامہ کے خطرے کے بہانے گرفتار کیا گیا وہ بیرونِ ملک جارہے تھے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ انہوں نے اینکر پرسن کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد جیل منتقل کر دیا تھا۔
ایک لا آفیسر نے بتایا کہ اینکر پرسن کو تحریری حلف نامے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے بیرون ملک جانے کے خواہشمند شخص سے حلف نامے حاصل کرنے کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا۔
بعدازاں فاضل جج نے کیس کی سماعت 18 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی پی او کو حکم دیا کہ وہ اینکر پرسن کی بازیابی کو یقینی بنائیں اور عدالت میں پیش کریں ورنہ نتائج کے لیے تیار رہیں۔