عمران خان کی ’ریاست مخالف پالیسیوں‘ سے پی ٹی آئی کے رہنما تنگ آگئے ہیں، تنویر الیاس
آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پارٹی چیئرمین عمران خان کی ’ریاست مخالف پالیسیوں‘ سے تنگ آگئے ہیں۔
مظفرآباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعظم تنویر الیاس نے کہا کہ ’فوج پر تنقید اور فوجی تنصیبات پر حملے ناقابل معافی جرم ہے اور کوئی بھی ذی شعور اس طرح کے رویے کی حمایت نہیں کرسکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک مضبوط فوج ہی ملک کے دفاع اور استحکام کی ضامن ہوتی ہے‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کئی رہنما اداروں سے تصادم کی پالیسی کی حمایت نہیں کرتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ادارے سیاست کے لیے استعمال نہیں ہونے چاہیے۔