حقیقی عوام نکلتی ہے تو پتا بھی نہیں ہلتا، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ جب ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں حقیقی عوام نکلتی ہے تو پتا بھی نہیں ہلتا، کوئی پتھر نہیں برساتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس عمارت (سپریم کورٹ) کا احترام کرنے والے لوگ ہیں، ہم آئین بنانے والے لوگ ہیں، ہم آج یہاں احتجاج نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن پاکستان کی بہتری بھی اسی عمارت سے ہوتی ہے اور پاکستان کی تباہی بھی ان کے فیصلوں سے ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس عمارت (سپریم کورٹ) سے تو مظلوم کو انصاف ملنا تھا، طاقتور کو قانون کے شکنجے میں لایا جانا تھا، جمہوریت کو مظبوط کرنا تھا، اس عمارت سے تو پارلیمان کی مضبوطی کی آواز بلند ہوتی، منتخب وزرائے اعظم کے تقدد کو برقرار رکھنا اس عمارت کا کام تھا، دہشت گردوں کو کٹھڑے میں لانا، فتنہ اور انتشار پھیلانے والوں کو سزا دینا اس عمارت کی ذمہ داری تھی لیکن یہاں سے بیٹھ کر کچھ سہولت کار انصاف کا قتل کرنے میں مصروف ہے۔