ایشل فیاض کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک، نامناسب ویڈیوز شیئر کردی گئیں
اداکارہ ایشل فیاض نے تصدیق کی ہے کہ ان کے فیس بک اکاؤنٹ کو ہیک کرلیا گیا، جس پر اب نامناسب ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے فیس بک پیج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے پیج کو رپورٹ کریں تاکہ فیس بک انتظامیہ پیج کو بلاک کردے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے ان کے فیس بک آفیشل پیج کو ہیک کرلیا، جس پر اب ان کا کوئی کنٹرول نہیں رہا اور کوششوں کے باوجود وہ مذکورہ پیج پر کنٹرول حاصل نہیں کر پا رہیں۔
ایشل فیاض نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے آفیشل فیس بک پیج کو رپورٹ کرکے اسے بلاک کرنے کی درخواست کریں تاکہ فیس بک انتظامیہ پیج کو بند کردے۔
اداکارہ کے اکاؤنٹ پر ان کے فالوورز کی تعداد 4 لاکھ کے قریب تھی اور وہ پیج پر اپنی شوبز مصروفیات سمیت معمولات زندگی سے متعلق چیزیں شیئر کیا کرتی تھیں۔
اداکارہ نے مذکورہ پیج پر اپنی آخری پوسٹ جنوری 2023 کے اختتام پر کی تھی، اس کے بعد ان کے اکاؤنٹ پر ہیکرز کی جانب سے مارچ کے وسط سے ویڈیوز شیئر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
ایشل فیاض کے اکاؤنٹ پر ابتدائی طور پر نیٹ فلیکس کی سیریز اور فلموں کی کلپس شیئر کی گئیں، جنہیں دیکھ کر شائقین نے خیال ظاہر کیا کہ شاید اداکارہ نے خود شیئر کی ہیں۔
اداکارہ کے فیس بک پیج پر 12 مارچ کو نیٹ فلیکس کی متعدد ویب سیریز اور فلموں کی کلپس شیئر کی گئیں، جس کے بعد ان کے پیج پر کوئی ویڈیو شیئر نہیں کی گئی۔
تاہم دو دن قبل ایشل فیاض کے اکاؤنٹ پر دوبارہ انگریزی فلموں کی کلپس شیئر کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوا اور پیج پر ہیکرز نے متعدد کلپس شیئر کر ڈالیں۔
ایشل فیاض کے پیج پر شیئر کی گئیں انگریزی زبان کی فلموں کی کلپس اگرچہ زیادہ نامناسب نہیں، تاہم شیئر کی گئی کلپس میں بوس و کنار کے مناظر موجود ہیں۔
ان کے پیج پر شیئر کی گئی کلپس میں ایسی فلموں اور ویب سیریز کے مناظر شیئر کیے گئے جن میں زائد العمر خواتین اپنے کم عمر طلبہ سے رومانس کرتی دکھائی دیں۔
ان کے پیج پر رومانوی فلموں کی کلپس بھی شیئر کی گئیں اور شیئر کی گئی تمام کلپس ہولی وڈ اور امریکی فلموں یا ویب سیریز کی معلوم ہوتی ہیں۔