• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سابق شوہر نے کبھی بیوی سمجھا ہی نہیں تھا، فضا علی

شائع May 15, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل، اداکارہ اور میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پہلے اور سابق شوہر نے انہیں کبھی بیوی سمجھا ہی نہیں تھا، البتہ دونوں کے درمیان دوستی والا تعلق تھا۔

فضا علی نے 2007 میں فاروق عادل سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی فرال بھی ہے۔

اداکارہ نے پہلے شوہر سے شادی کے محض تین سال بعد ہی طلاق لے لی تھی اور بعد ازاں 2018 میں انہوں نے ایاز ملک نامی کاروباری شخص سے شادی کی تھی۔

فضا علی کی دوسری شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی اور وہ بھی کچھ ہی عرصے بعد طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔

پہلی دونوں شادیوں کی ناکامی کے بعد اداکارہ نے تیسری شادی نہیں کی، تاہم وہ انٹرویوز میں اس بات پر رضامندی ظاہر کرتی آئی ہیں کہ جب بھی انہیں کوئی اچھا شخص ملا تو وہ ضرور شادی کریں گی۔

حال ہی میں انہوں نے ’اردو نیوز‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ایک بار پھر تیسری شادی سے متعلق بات کرنے سمیت اپنی پہلی شادیوں کی ناکامی کے اسباب پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے دوسری شادی کی ناکامی پر کھل کر بات نہیں کی اور انہوں نے دوسرے شوہر سے طلاق لینے کا ذکر تک نہیں کیا، البتہ انہوں نے پہلی شادی کی ناکامی پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے پہلے شوہر ان کے بہترین دوست تھے اور دونوں ایک دوسرے کو بہترین طریقے سے سمجھتے تھے لیکن اس باوجود ان کی شادی نہ چل سکی۔

فضا علی نے اعتراف کیا کہ ان کے اور پہلے شوہر کے درمیان کوئی محبت اور عشق نہیں تھا جب کہ ان کے پہلے شوہر اور ان کی کلاس بھی الگ الگ تھی۔

میزبان و اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کی کلاس چھوٹی تھی لیکن ان کے پہلے شوہر کی کلاس الگ تھی، وہ ایلیٹ یعنی اعلیٰ طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔

فضا علی کے مطابق والدہ نے ان کی بہتر پرورش کی، انہیں اچھے اور مہنگے تعلیمی اداروں میں پڑھایا، جس وجہ سے ان میں کسی طرح کا کوئی غرور نہیں، اس لیے وہ کسی گلی یا سڑک کنارے کھڑے ہوکر حلیم بھی کھا لیتی تھیں لیکن ان کے شوہر ایسے نہیں تھے، وہ رعبدار اور بڑی کلاس کے شخص تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے اور ان کے پہلے شوہر کے درمیان دوستی تھی لیکن وہ انہیں اپنی بیوی نہیں سمجھتے تھے، ان کے جذبات کا احترام نہیں کرتے تھے، وہ اگر گھر میں کوئی چیز تیار کرتی تھیں تو اسے کھانے کے بجائے باہر کھانے پر جانے کو ترجیح دیتے تھے۔

فضا علی کے مطابق ان کے شوہر انہیں پارٹی پر لے جاتے وقت پارٹی کے مقام پر پہنچنے سے قبل چشمہ لگانے اور دوسرے لوازمات پورے کرنے کا بھی کہتے اور انہیں اچھی طرح سمجھاتے اور سکھاتے لیکن اس باوجود ان کی شادی نہیں چل پائی۔

انہوں نے کہا کہ جب دو افراد کو لگے کہ ان کی شادی نہیں چل پائی تو انہیں الگ ہوجانا چاہئیے۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اگرچہ سابق اور پہلے شوہر پر الزامات نہیں لگائے، تاہم انہوں نے شوہروں کے مزاج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شوہر سے شادی کرنے کا کوئی فائدہ نہیں جو باہر منہ مارتا ہو، جو نہ کماتا ہو، نہ ہی عزت دیتا ہو۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ناکام شادیوں کے باوجود محنت کرکے اپنا گھر اور مقام بنایا اور اب وہ بیٹی کو بھی یہی کہتی ہیں کہ وہ بھی ان کی طرح اپنے پاؤں پر کھڑی ہوں، اپنا گھر بنائیں اور پھر شادی کریں۔

انہوں نے تیسری شادی کرنے کے سوال پر بتایا کہ جب انہیں کوئی ایسا شخص مل جائے گا جو انہیں ان کی بیٹی سمیت قبول کرے تو وہ ضرور شادی کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024