اسلام آباد میں مظاہروں کے دوران فسادات سے ڈھائی کروڑ روپے کا نقصان ہوا، رپورٹ
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد مظاہروں کے ایک سلسلے نے نجی اور سرکاری املاک کو 250 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسلح شرپسندوں نے تین روز تک جاری رہنے والی پرتشدد کارروائیوں کے دوران ڈی پی او انڈسٹریل ایریا کے دفتر کو نذرآتش کیا اور رمنا، ترنول اور سنگجانی تھانوں پر فائرنگ کی۔
کم از کم 12 گاڑیوں اور 34 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی جبکہ ایک ایس ایم جی رائفل، ایک 12 بور رائفل، 42 اینٹی رائٹ کٹس اور 3 وائرلیس سیٹ شرپسندوں نے چھین لیے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے 564 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا، اب تک 26 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں، ان گرفتاریوں میں سے 552 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا اور 12 افراد کو 3 ایم پی او (مینٹیننس آف پبلک آرڈر) یعنی نقص امن کے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔