• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہر فرد کی تصویر موجود ہے، ایک ایک کا پیچھا کر رہے ہیں، محسن نقوی

شائع May 14, 2023
محسن نقوی نے کہا کہ مرکزی ملزمان میں سے کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی —تصویر: ڈان نیوز
محسن نقوی نے کہا کہ مرکزی ملزمان میں سے کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی —تصویر: ڈان نیوز

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے اہم سرکاری و نجی املاک پر حملہ کرنے والے ہر فرد کی تصویر اور ویڈیو موجود ہیں اور ہم ایک ایک کا پیچھا کر رہے ہیں۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آئی جی کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ چاہے ہم پر کتنا بھی دباؤ ڈالا جائے ہم ایک بھی فرد کو غلط گرفتار نہیں کریں گے، صرف اصل مجرمان کو پکڑا جائے گا چاہے اس میں ہمیں کتنا ہی وقت لگے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے ساتھ ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس کے دوران اہم عسکری، سرکاری اور نجی عمارتوں اور املاک میں توڑ پھوڑ کی گئی اور انہیں نذرِ آتش کردیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ کہنا تھا کہ ہمارے پاس ثبوت و شواہد موجود ہیں کہ میانوالی بیس پر کیا گیا حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا گیا جس میں پلان تھا کہ اندر موجود جہازوں کو جلادیا جائے، ان میں سے کچھ حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ کچھ کو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں سرکاری و نجی 108 گاڑیاں جلائی گئیں، 23 عمارات کو نقصان پہنچایا گیا جس میں کورکمانڈر ہاؤس، بینکس وغیرہ بھی شامل ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی 2 ویگو گاڑیاں، 6 ہائی لیکس، 12 بسز، ایک جیل وین، 4 موٹر سائیکلیں اور 2 سنگل کیبن گاڑیاں جلیں، اسی طرح واسا کے ٹرک سمیت 6 گاڑیاں، ریسکیو 1122 کی 8 ایمبولینسز، آڈی کا پورا شوروم جلایا گیا جس میں ایک گاڑی مکمل تباہ ہوئی جبکہ باقی کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ 4 نجی گاڑیاں، 2 ٹرک اور کنٹینرز کو بھی آگ لگائی گئی۔

’جناح ہاؤس پر حملہ دہشت گردوں نے کیا‘

محسن نقوی نے کہا کہ یہ ایک سیاسی جماعت کا احتجاج تھا جو لبرٹی چوک پر ہوا اور پہلے بھی وہ وہاں احتجاجی مظاہرے کرچکی تھی جو ان کا حق تھا لیکن اس کے بعد وہ سیاسی ورکرز کینٹ پہنچ کر دہشت گردوں میں تبدیل ہوگئے، کیوں کہ جناح ہاؤس پر حملہ سیاسی جماعت کا ورکر نہیں کرسکتا، وہ دہشت گردوں نے کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 400 افراد نے جناح ہاؤس کے اندر حملہ کیا جبکہ 34 نے باہر نقصان پہنچایا۔

نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں یہ واضح کردوں کہ ان میں سے جب تک ایک ایک کو گرفتار نہیں کرلیا جائے گا ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے، یہ کوئی عام کیس نہیں ہے، آنے والے وقت میں جو بھی اس کرسی پر ہوگا اس کی ذمہ داری اور فرض ہوگا کہ اس کیس کو انجام تک پہنچائے اور دہشت گردوں کو سزا دلوائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کے تمام شواہد موجود ہیں کہ یہ ایک منصوبہ بند حملہ تھا اور پہلے سے بتادیا گیا تھا کہ کن کن مقامات پر کس طرح حملہ ہوگا چاہے وہ جی ایچ کیو ہو، خفیہ ادارے کا فیصل آباد اور پنڈی کے دفاتر، عسکری ٹاور، کورکمانڈر ہاؤس ہو، یہ سب ان کی فہرستوں میں موجود تھا۔

’جس ٹیم نے کورکمانڈر ہاؤس جلایا اسی نے عسکری ٹاور کو آگ لگائی‘

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کور کمانڈر ہاؤس جلایا انہی میں سے ایک ٹیم نے جاکر عسکری ٹاور کو جلایا، ایسا نہیں کہ ایک ہجوم چلا گیا اور اس نے یہ کرلیا بلکہ شواہد ہیں کہ اسی ٹیم نے عسکری ٹاور بھی جلایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ مرکزی ملزمان میں نے کچھ پکڑے گئے ہیں کچھ کو گرفتار کیا جائے گا لیکن ایک بات واضح ہے کہ ان میں سے کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں فائربریگیڈ کی گاڑیاں، جوڈیشل کمپلیکس، پولیس کی 5 سے 7 گاڑیاں، چوکی نذر آتش کی گئیں، پی اے ایف بیس کو نقصان پہنچا گیا، ایک جنرل پوسٹ آفس، نجی بینک اور ایئرفورس کے نمائشی جہاز کے علاوہ اے ٹی ایم مشین اور پیٹرل پمپس کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پولیس کی 3 بسوں، قیدیوں کی وینز، 11 پک اپس، ڈبل کیبن وغیرہ کو آگ لگائی گئی جبکہ 2 میٹرو اسٹیشنز کو بھی نذرِ آتش کیا گیا جن کی دوبارہ تعمیر پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔

’ابھی تک 6 ارب روپے کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے‘

نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ابھی تک 6 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ مزید تخمینہ جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میانوالی میں حملہ کرنے والے افراد کی اکثریت مسلح تھی، وہ کوئی عام لوگ نہیں تھے، انہوں نے وہاں فائرنگ بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام مقامات وہ تھے جو طالبان کی ہٹ لسٹ پر تھے، جن کو طالبان نشانہ بنانا چاہتے تھے اور کچھ پر حملے کیے بھی جاچکے تھے، انہی کو ہدف بنایا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری ہماری ذمہ داری ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ ان کا ٹرائل جلد از جلد کرایا جائے، ہم تمام کام چھوڑ کر اسی کام پر لگے ہوئے ہیں، یہ عام چیز نہیں ہے، اسے کوئی رنگ دینے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔

’ان واقعات میں یاسمین راشد مرکزی کردار ہیں‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تفتیش جاری ہے، ہم نے معلومات اکٹھی کرنے کے لیے جو اشتہار دیا اور نمبر فراہم کیا اس پر عوام کی جانب سے بھرپور ردِعمل موصول ہوا ہے، ہمیں اچھی معلومات مل رہی ہیں ہم اس کے حساب سے چلیں گے اور جیسے جیسے شواہد ملتے جائیں گے ہم لوگوں کے قریب پہنچتے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کا احترام کرنا چاہ رہے ہیں، ابتدا میں انہیں ایم پی او پر گرفتار کر رہے تھے، کل یاسمین راشد کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں ہسپتال لے گئے تاکہ ایسی کوئی چیز نہ ہو کہ کوئی وکٹمائز ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام واقعات میں یاسمین راشد ایک مرکزی کردار ہیں، میرے خیال میں عدلیہ کو یہ کیسز غیر متعلقہ نہیں لگیں گے کیونکہ عدلیہ کو بھی اتنی ہی تشویش ہوگی جتنی ہمیں ہے اور یہ سب کے لیے اتنا اہم واقعہ ہے جتنا میرے لیے ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے خبردار کیا کہ اگر مظاہرین میں سے کوئی بھی کسی سرکاری عمارت میں داخل ہوا تو پولیس اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل، انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پی ٹی آئی کے کسی حامی پر گولی نہ چلائیں، حالانکہ ’پولیس اہلکاروں کی طرف سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ انہیں پتھر کھانے کے لیے بھیجا جا رہا ہے‘۔

محسن نقوی نے متنبہ کیا کہ گزشتہ کچھ دنوں کے واقعات کے بعد پالیسی اب واضح ہے کہ پولیس ’اگر کوئی کسی سرکاری عمارت میں داخل ہوا تو قانون کے ذریعے انہیں حاصل اختیارات کے مطابق کارروائی کرے گی‘۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024