عمران خان ریاست اور شہریوں کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں، شیری رحمٰن
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ریاست، حکومت اور شہریوں کے مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ریاست سے بالاتر ہونے کے پیغام کے باوجود کوئی بھی پاکستان سے بالاتر نہیں ہوسکتا، عمران خان نہ سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی جمہوری عمل پر، ان کی حکمت عملی تشدد اور افراتفری پر مبنی ہے۔
انہوں نے قانونی نظام میں موجود ناانصافیوں اور عمران خان و دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ سلوک کے درمیان تضادات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ایک بار پھر ریاستی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان کا تازہ ترین ہدف آرمی چیف ہیں، وہ مُک مُکا کرنے کے لیے بے چین دکھائی دے رہے ہیں لیکن عدالتوں میں ان کے موجودہ تعلقات کے علاوہ اس بار کوئی ان کی سرپرستی کرنے والا نہیں ہے۔