انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے پر عوام حریم شاہ کے مشکور
متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز بحال نہ کرنے کی صورت میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ویڈیوز بحال کرنے کی دھمکی دیے جانے کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے پر عوام ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
ملک بھر میں 9 مئی سے موبائل انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا ایپس بند تھیں، تاہم 12 مئی کی شب کو انہیں جزوی طور پر بحال کردیا گیا تھا۔
انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا ایپس کو سابق وزیر اعٖظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد بند کیا گیا تھا تاکہ ملک بھر میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنان کی جانب سے ہنگامے اور جلاؤ گھیراؤ شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومت نے انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا ایپس بند کردی تھیں۔
انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا ایپس کی بندش سے معمولات زندگی سخت متاثر ہوئی تھیں، جس پر متعدد شوبز اور سماجی شخصیات نے حکومت سے جلد سروسز بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ایسی ہی شخصیات میں ٹک ٹاکر حریم شاہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے لیے مختلف طریقہ اپنایا، جس کے بعد وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گئیں۔
حریم شاہ کے نام سے ٹوئٹر پر بنے اکاؤنٹ سے 11 مئی کو مختصر ٹوئٹ کی گئی، جس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو دھمکی دی گئی کہ اگر انہوں نے انترنیٹ سروسز بحال نہیں کیں تو پھر ٹک ٹاکر ویڈیوز بحال کردیں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی ٹوئٹ کے کچھ گھنٹوں بعد ملک میں جزوی طور پر انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی تھیں۔
حریم شاہ کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’اگر رانا جی نے آج رات (11 اور 12 مئی کی درمیانی شب) تک انٹرنیٹ بحال نہ کیا تو میں نے ساری وڈیوز بحال کردینی ہیں‘
ساتھ ہی ٹک ٹاکر نے وزیر داخلہ کو بھی مینشن کیا، جس کے بعد حریم شاہ کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور ملک میں انٹرنیٹ سروسز بحال ہونے کے بعد 13 مئی کو بھی ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل رہا۔
حریم شاہ کے نام سے بنے اکاؤنٹ سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اگر انٹرنیٹ سروسز بحال نہیں ہوئیں تو پھر ٹک ٹاکر کن کی ویڈیوز بحال کریں گٰی؟
بظاہر ٹک تاکر نے عام ویڈیوز بحال کرنے کی بات کی، تاہم زیادہ تر لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ حریم شاہ رانا ثنا اللہ کی ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکی دے رہی ہیں۔
ان کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک بھی موجود ہے اور ان کی ٹوئٹ کے بعد لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جب کہ ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ بھی کیا گیا، جس کے بعد ملک میں کشیدہ حالات کے باوجود ان کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں آگیا۔
ملک کے خراب حالات سے پریشان عوام نے جہاں حریم شاہ کی ٹوئٹ پر دلچسپ تبصرے کیے، وہیں لوگوں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کی ایک دھمکی نے انٹرنیٹ سروسز بحال کروادیں۔