عمران خان کی پیشی کے دوران دارالحکومت میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا گیا، تحریک انصاف کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران دارالحکومت میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی آفیشل پر ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کو چاروں طرف سے بند، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ذریعے محصور کر دیا گیا، شہریوں کو نقل و حرکت میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید کہا گیا کہ سری نگر ہائی وے کو عملاً نو گو ایریا میں تبدیل کر دیا گیا، پرامن احتجاج، اظہار اور پُرامن اجتماع کے بعد شہریوں کے نقل و حرکت کا آئینی حق بھی مکمل طور پر معطل کردیا گیا۔
ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی آڑ میں پولیس اور نیم فوجی دستے عام شہریوں پر عرصہ حیات تنگ کررہی ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایمبولینسز کی نقل و حرکت بھی مکمل ختم کر دی گئی، شہریوں کیلئے ہسپتالوں تک رسائی کو کاٹ دیا گیا، تین روز سے انٹرنیٹ کی غیرقانونی بندش کے ذریعے شہریوں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کی ساتھ دارالحکومت کے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کارگو روٹس کو کاٹ دیا گیا۔