• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

سیاسی صورتحال بہتر ہونے کی امید: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 13.85 روپے سستا

شائع May 12, 2023
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق روپے کی قدر 8 روپے 78 پیسے بڑھ گئی— فائل فوٹو: ڈان
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق روپے کی قدر 8 روپے 78 پیسے بڑھ گئی— فائل فوٹو: ڈان

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 4.86 فیصد بحال ہوگئی جو 3 فیصد گراوٹ کے بعد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جمعے کو روپے کی قدر میں بہتری آئی اور ڈالر کے مقابلے میں 285.08 روپے پر بند ہوا اور ڈالر مجموعی طور پر 13.85 روپے سستا ہوا جبکہ گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 298.93 روپے پر بند ہوئی تھی۔

ماہرین روپے کی قدر میں بحالی کی وجہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی صورتحال میں بہتری کی امید کو قرار دے رہے ہیں۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان نے بتایا کہ روپے کی قدر میں بحالی کی وجہ یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ سیاسی صورت حال بہتر ہو جائے گی اور بات چیت سے مسائل حل ہوسکیں گے۔

میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے بتایا کہ مارکیٹ عارضی طور پر بڑھی تھی، ڈالر بڑھنے کی وجہ زیادہ طلب زیادہ نہیں تھی، مصنوعی طور پر روپے کی قدر میں کمی ہوئی تھی، آج سپلائی سائیڈ بہتر ہوئی ہے تو ڈالر نیچے آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ڈالر 284 یا 285 پر مستحکم رہ سکتا ہے۔

خیال ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد سیاسی عدم استحکام کے سبب گزشتہ دو دنوں میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 14 روپے اضافے کے بعد 299 روپے کا ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز ملک بوستان نے روپے کی قدر میں کمی کی وجہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد بے یقینی سیاسی حالات کو قرار دیتے ہوئے حکومت پر اسے کنٹرول کرنے پر زور دیا تھا، اور کہا تھا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے 17 مئی کو ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہونے جارہا ہے، جس میں پاکستان کے معاملے کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا، جس کے بعد ملک کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، یہ بھی روپے کی بے قدری کی وجہ ہے۔

خیال رہے کہ موڈیز نے چند روز قبل (9 مئی) کہا تھا کہ پاکستان، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بیل آؤٹ پیکیج کے بغیر ڈیفالٹ کر سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس جون کے بعد فنانسنگ کے حوالے سے غیریقینی صورتحال ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں ریٹنگ ایجنسی کے تجزیہ کار گریس لِم نے بتایا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان جون میں ختم ہونے والے موجودہ مالی سال میں باقی غیر ملکی ادائیگیاں کر دے گا، لیکن جون کے بعد پاکستان کی فنانسنگ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے بغیر ڈیفالٹ کر سکتا ہے کیونکہ اس کے زرمبادلہ کے ذخائر بہت کمزور ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تمام پیشگی شرائط پوری کرنے کے باوجود آئی ایم ایف قرض پروگرام بحال کرانے کی مہینوں سے جدوجہد کر رہا ہے، تاہم اب تک عالمی مالیاتی ادارے نے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط جاری نہیں کی ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب 38کروڑ ڈالر کے قریب ہیں، جس سے بمشکل ایک مہینے کی درآمدات ہوسکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024