عمران خان کی رہائی، پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج طلب
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو رہا کرنے کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فوری طور پر اپنی جماعت کی کور کمیٹی کا اجلاس کیا اور اس پر ایک فوری ردعمل بھی تیار کیا ہے اور ساتھ کل(جمعہ) ہنگامی طور پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس بھی طلب کیا جا رہا ہے تاکہ سب کو اعتماد میں لے کر ایک اجتماعی فیصلہ کیا جائے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ’ دو دن میں جو دہشت گردی ہوئی ہے، ہم اس کو دہشت گردی نہیں کہہ سکتے بلکہ یہ ملک کے ساتھ غداری ہے، چاہیے تو یہ تھا کہ ان اقدامات پر ان کی پارٹی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر دیا جاتا’۔
انہوں نے کہا کہ ’کیا عدالت کے ان فیصلوں کا احترام کیا جائے گا، خود عدالت کنفیوز ہے، وہ بتائے کہ عمران خان اس وقت گرفتار ہے یا رہا شدہ ہے، پوری قوم کو کنفیوز کر رہے ہیں‘۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’یہی لوگ اگر کل عدالتوں کو آگ لگائیں تو پھر بھی عدالت کہے گی آپ کی تشریف آوری کی خوشی ہوئی اور آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی‘۔