• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فیصل قریشی کی پہلی بار بیٹی حنیش قریشی کے شوبز میں آنے سے متعلق کھل کر گفتگو

شائع May 11, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اور معروف اداکار فیصل قریشی نے پہلی بار اپنی بڑی صاحبزادی حنیش قریشی کے شوبز میں آنے سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی بیٹی اپنی مرضی سے انڈسٹری کا حصہ بنیں۔

حنیش قریشی نے رواں برس فروری میں شارٹ ٹیلی فلم ’نقاب‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی تھیں۔

حنیش قریشی ماڈلنگ اور اداکاری کے علاوہ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں اور ایک بہت ہی بڑی کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر ملازمت کرتی ہیں۔

حنیش قریشی سینئر اداکار کی بڑی بیٹی ہیں جو کہ ان کی پہلی اہلیہ سے ہیں اور فیصل قریشی کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

فیصل قریشی نے دوسری شادی ثنا فیصل سے 2010 میں کی تھی، جن سے بھی انہیں 2 بچے، ایک بیٹی آیت اور بیٹا فرمان قریشی ہیں۔

حنیش قریشی نے گزشتہ ماہ اپریل میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بھی بتایا تھا کہ کالج کے زمانے میں جب انہوں نے والد سے اداکاری میں قدم رکھنے کی اجازت مانگی تھی تو انہیں منع کردیا گیا تھا۔

اب فیصل قریشی نے بھی بیٹی کے شوبز میں قدم رکھنے سے متعلق پہلی بار کھل کر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کو کیریئر سے متعلق فیصلے کرنے میں آزادی دے رکھی ہے۔

فیصل قریشی کے پرانے انٹرویو کی ایک کلپ وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں بیٹی حنیش قریشی سے متعلق کھل کر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فیصل قریشی نے احمد علی بٹ کے ’بول ٹی وی‘ کے شو میں بیٹی حنیش قریشی اور بھانجے دانیال قریشی کے شوبز میں آنے سے متعلق بات کی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور وہ کسی کو اپنی بیٹی یا بھانجے کا کام دینے سے متعلق نہیں کہتے اور نہ ہی کبھی وہ ایسا کریں گے۔

فیصل قریشی کے مطابق میرٹ پر آگے آنے والے شخص کا کام اسکرین پر نظر آتا ہے جب کہ سفارش پر کام کرنے والے کی اداکاری کو دیکھ کر ہی لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ وہ سفارش کے ذریعے آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان سے ان کے بھانجے دانیال کو کاسٹ کرنے سے متعلق پوچھا جاتا رہا ہے لیکن وہ سب کو یہی کہتے ہیں کہ اگر انہیں ان کی اداکاری اچھی لگتی ہے تو انہیں کاسٹ کیا جائے، ورنہ رہنے دیں۔

اداکار کے مطابق وہ بیٹی حنیش قریشی سے متعلق بھی لوگوں کو ایسا ہی کہتے ہیں کہ اگر انہیں سمجھ آرہی ہے تو انہیں کاسٹ کیا جائے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ایک بار فہد مصطفیٰ نے انہیں کال کرکے ان سے پوچھا کہ حنیش کام کرنا چاہتی ہیں، جس پر انہوں نے انہیں بتایا کہ اگر انہیں حنیش سمجھ آگئی ہیں تو انہیں کاسٹ کیا جائے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے شروع میں کچھ ڈراموں اور منصوبوں میں کام ضرور کیا لیکن انہیں نہیں لگتا کہ ان کی بیٹی اداکاری کو آگے بڑھائیں گی۔

فیصل قریشی نے واضح کیا کہ وہ کیریئر سے متعلق بیٹی پر کسی طرح کا کوئی دباؤ نہیں ڈالتے، وہ خود مختار ہیں، جو کرنا چاہیں کر سکتی ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی عمر 27 یا 28 سال ہوگی۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024