ٹوئٹر پر آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر پیش کرنے کا اعلان
مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ جلد پلیٹ فارم پر آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر متعارف کرایا جائے گا، علاوہ ازیں ایپ پر ڈائریکٹ انکرپٹڈ میسیج کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس وقت اگرچہ ٹوئٹر پر ڈائریکٹ میسیجز کرنے کی سہولت دستیاب ہے، تاہم وہ انکرپٹڈ نہیں ہے لیکن اب اس میں واٹس ایپ کی طرز کی انکرپٹڈ سیکیورٹی شامل کی جا رہی ہے، جس سے میسیج کو تیسرا کوئی فریق یعنی ٹوئٹر کے ملازمین بھی نہیں پڑھ سکیں گے۔
علاوہ ازیں ایلون مسک نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت صارفین رقوم کی لین دین کر سکیں گے۔
خبر رساں ادارے [’رائٹرز‘][1] نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایلون مسک نے 9 مئی کو اپنی ٹوئٹ میں ٹوئٹر پر مستقبل میں جلد بہترین فیچر پیش کرنے کا اعلان کیا۔
ایلون مسک نے بتایا کہ ٹوئٹر پر 10 مئی سے انکرپٹڈ میسیجز کا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جب کہ مستقبل قریب میں ایپ پر دوسرے فیچرز بھی پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ٹوئٹر پر آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر پیش کیا جائے گا جو کہ ایپ کو تبدیل کر کہ رکھ دے گا۔
ٹوئٹر میں کالز کرنے کا فیچر اسے پیش کیے جانے کی ڈیڑھ دہائی بعد اس میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد اس کا شمار فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسی ایپلی کیشن جیسے پلیٹ فارم میں ہوگا۔
اگرچہ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ٹوئٹر پر آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر پیش کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ ایسا کب تک ہونے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے لیے ابھی سے ہی حکومت اور اداروں سے اجازت طلب کی گئی ہے اور اجازت ملنے کے بعد اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر کب تک پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اس میں ایک سال سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے جب کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر کو ایک سال سے کم عرصے میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کا انتظام سنبھالے جانے کے بعد پلیٹ فارم پر کئی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اس میں مزید تبدیلیاں کرنے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
ایلون مسک نے تقریبا 45 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدا تھا، جس کے بعد انہوں نے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر مفت بلیو ٹک فراہم کرنے کے فیچر کو ختم کرکے اسے ماہانہ فیس کے عوض فراہم کرنا شروع کردیا تھا۔