• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

عمران خان کی گرفتاری: مایا علی کی پُرتشدد مظاہرے نہ کرنے کی اپیل

شائع May 10, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مایا علی نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے مداحوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں صبر کا دامن نہ چھوڑیں اور وہ پُرتشدد مظاہروں سے گریز کریں۔

عمران خان 9 مئی کو 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے جہاں رینجرز نے انہیں حراست میں لیا تھا اور 10 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں احتساب عدالت پیش کیا، جہاں ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے دو گھنٹے بعد ہی ملک بھر میں پُرتشدد مظاہرے اور احتجاج شروع ہوگئے تھے، جس وجہ سے مقامی انتظامیہ نے متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ کی تھی۔

ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے شروع کیے گئے پُرتشدد مظاہروں کے بعد 10 مئی کی سہ پہر تک کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی کشیدہ حالات کے بعد ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ ڈیٹا کی سروس معطل کردی تھی۔

عمران خان کے سپورٹرز کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں کے بعد اداکارہ مایا علی نے ان سے صبر کا دامن نہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں پرامن مظاہرے کرنے کی اپیل کی۔

مایا علی نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ملک بھر میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان کا ہاتھ نہیں، سب لوگ جانتے ہیں کہ ایسے مظاہرے کرنے والے افراد کون ہیں؟

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ ’کپتان‘ کی گرفتاری کے بعد مظاہرے کرنے والے تمام افراد سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ دوسروں کو یا اپنے آپ کو نقصان نہ پہنچائیں، وہ کسی طرح کا بھی کوئی تشدد نہ کریں، گاڑیوں کے شیشے نہ توڑیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مایا علی نے واضح طور پر لکھتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے کسی بھی شخص کو نشانہ نہ بنائیں جو ’کپتان‘ کی حمایت نہیں کر رہا۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ یہ بہت ہی سنگین مسئلہ ہے، جسے کسی اور کو تکلیف دیے بغیر آسانی سے حل کیا جانا چاہیے۔

مایا علی نے مزید لکھا کہ جو لوگ کپتان کی گرفتاری کے بعد توڑ پھوڑ کر رہے ہیں، وہ ہم میں سے نہیں ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ وہ لوگ کون ہیں؟

اداکارہ نے سب کو اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئیے اور ہمارے کپتان بھی یہی چاہتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کی کامیابی اور دراز عمر کی دعائیں بھی کیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024