• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

پاکستان کے جنوبی حصوں میں 10 سے 13 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی

شائع May 10, 2023

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے نصف سے زائد جنوبی حصے کے علاقوں کو اس ہفتے درجہ حرارت میں اچانک اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کو جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے پیش نظر ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص ملک کے جنوبی نصف حصوں میں 10 سے 13 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پارہ معمول سے دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو فصلوں کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور عوام الناس کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ براہ راست سورج کی تپش میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور پانی کا درست استعمال کریں۔

عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمٰن نے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ اور کمزور کمیونٹیز پر شدید موسمی اثرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

وفاقی وزیر کی جانب سے یہ مشورہ پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ماہ کے لیے موسم کی تازہ ترین پیش گوئی کے بعد سامنے آئی ہے۔

اپنی اپیل میں شیری رحمٰن نے تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ ’ہیٹ ویو کے حوالے سے رہنما ہدایات پر عمل کریں، یہ رہنما ہدایات گرمی سے متعلق بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک فعال نقطہ نظر پیش کرتی ہیں اور شدید گرمی کے واقعات کے لیے تیاری اور ان کا جواب دینے کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔

رہنما خطوط میں بیان کردہ کلیدی قلیل مدتی اقدامات میں یونین کونسل سطح کے رسپانس یونٹس فعال کرنا اور شہری آبادی کے کمزور طبقات کی حفاظت کے لیے رابطہ کاری کے لیے صوبائی سطح پر کنٹرول رومز کا قیام شامل ہے۔

شیری رحمٰن نے گرمی کی لہر کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے کئی درمیانی سے طویل مدتی اقدامات کا خاکہ پیش کیا، مثلاً اسکولوں کے نصاب میں موسمیاتی آفات سے پیدا ہونے والی تباہی کا انتظام، شہری علاقوں میں زیادہ درخت لگا کر سبز جگہوں میں اضافہ، عوام کی آسانی کے لیے قابل رسائی جگہوں پر ’کول سنٹرز‘ کا قیام اور ابتدائی ہیٹ ہیلتھ وارننگ سسٹم تیار کرنا۔

وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات ملک کو شدید موسمی واقعات کے خلاف لچک پیدا کرنے اور طویل مدت میں اپنے شہریوں کی صحت اور حفاظت کے تحفظ میں مدد فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، خاص طور پر عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج سے پورے خطے اور ملک میں انتہائی شدید اور دیرپا گرمی کی لہریں پیدا ہو رہی ہیں۔

وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کا شمار دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ان 10 ممالک میں ہوتا ہے، جو بار بار موسمیاتی آفات کا سامنا کرتے ہیں، پچھلی دہائی کے دوران گرم دنوں کی تعداد عالمی سطح پر سرد دنوں کی تعدد سے تین گنا زیادہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پچھلے تین سالوں میں کرہ ارض پر سب سے زیادہ مسلسل گرم درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے اور اس سال ال نینو کی واپسی متوقع ہے جو ماحولیاتی نظام اور کمزور ممالک پر تباہ کن اثرات کے ساتھ عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھا سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024