• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں احتجاج

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج کیا — فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج کیا — فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

عمران خان کو نیب کے حکم پر رینجرز نے احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا۔

گزشتہ سال وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ پر بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض سے ساز باز کر کے بحریہ ٹاؤن کے بدلے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی زمین لینے کا الزام عائد کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بحریہ ٹاؤن نے جس کا 50 ارب روپیہ ایڈجسٹ کیا گیا، اس نے 458 کنال کی جگہ کا معاہدہ کیا جس کی مالیت کاغذات میں 93 کروڑ روپے جبکہ اصل قیمت پانچ سے 10 گنا زیادہ ہے اور یہ زمین بحریہ ٹاؤن نے القادر ٹرسٹ کے نام پر منتقل کی، اس زمین کو بحریہ ٹاؤن نے عطیہ کیا اور اس میں ایک طرف دستخط بحریہ ٹاؤن کے عطیہ کنندہ کے ہیں اور دوسری جانب سابق خاتون اول بشریٰ خان کے ہیں، یہ قیمتی اراضی القادر ٹرسٹ کے نام پر منتقل کی گئی جس کے دو ہی ٹرسٹی ہیں جس میں پہلی بشریٰ خان ہیں اور دوسرے سابق وزیر اعظم ہیں۔

عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری پر وائس چئیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اہم ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عظیم پاکستانیو، آج آپ لوگوں کو اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نےکہا کہ اپنے عظیم قائد عمران خان کے لیے جو آپ کے مستقبل کی لڑائی لڑ رہا ہے، آج گھر کوئی نہ بیٹھے، اگر آپ حقیقی آزادی چاہتے ہیں تو اپنے بچوں کے ساتھ، اپنی فیمیلز کے ساتھ نکلیں اور عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیجیے۔

پارٹی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کر دیا گیا۔

لاہور میں سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کارکنان کے ہمراہ اکبر چوک، مین پیکو روڑ، ٹاؤن شپ، مین کینال روڈ اور فیصل ٹاؤن بند کر دیا۔

پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائر جلائے اور ’امپورٹڈ حکومت‘ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

لاہور کے علاوہ پشاور میں عمران خان کے حامیوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

ادھر تحریک انصاف کراچی ونگ نے بھی احتجاج کی کال دیتے ہوئے کارکنان کو انصاف ہاؤس پر جمع ہونے کی ہدایت کی۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اور کارکنان نے شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے اور سخت نعرے بازی کی، جس کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی میں ضلع غربی میں کراچی پریس کلب، تین تلوار کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، شاہین کمپلیکس پر احتجاج کیا گیا۔

ادھر عمران خان کی گرفتاری کے خلاف فیصل آباد میں بھی احتجاج کیا جا رہا ہے جہاں مظاہرین نے گھنٹہ گھر چوک کو مکمل طور پر بند کردیا ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، پی ٹی آئی کارکنان نے صوبائی سیکریٹریٹ سے ایئر پورٹ روڈ کی طرف مارچ کیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹائر جلا کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

عسکری چیک پوسٹ کے باہر ایئرپورٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کی قیادت صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ کر رہے ہیں، احتجاج کے باعث ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے جب کہ دونوں جانب سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں، مظاہرین نے عسکری چیک پوسٹ کی جانب جانے والی تمام گاڑیوں کو بھی اندر جانے سے روک دیا۔

صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ عمران کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے، ژوب، شیرانی میں شاہراہ بلاک اور دیگر علاقوں میں شاہراہ بند کریں گے، عمران خان کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024