• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمران خان کے بعد بلاول بھٹو بہادر مسلمان نکلے، رابعہ کلثوم

شائع May 8, 2023
—فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام
—فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام

بھارت میں جاکر اسے آئینہ دکھانے اور مودی سرکار کو ہندو توا کی پرچار کرنے والی حکومت قرار دینے پر شوبز شخصیات نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بہادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’بھارت کی ٹانگیں کانپ گئیں‘۔

بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارتی شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے متعدد بھارتی اور عالمی نشریاتی اداروں کو انٹرویوز بھی دیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے دورے کے دوران بھارت کو دہشت گردی کو مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا جب کہ انہوں نے وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے پر بھی انڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں جاکر اسے آئینہ دکھانے پر جہاں ہندوستانی لوگ اور صحافی پاکستانی وزیر خارجہ پر برہم دکھائی دیے، وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

اداکارہ رابعہ کلثوم نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت جاکر اسی کے خلاف بات کرنے پر ان کا موازنہ سابق وزیر اعظم عمران خان سے کرتے ہوئے وزیر خارجہ کو بہادر مسلمان قرار دیا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مداح نہیں ہیں لیکن بلاول بھٹو نے جس طرح بھارت میں پاکستان اور مسلمانوں کی نمائندگی کی وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اور مسلمان چاہتا ہے کہ ان کے لیڈر ایسے ہی ہوں جو اسلام کے خلاف ہونے والی سازش پر کھل کر بات کریں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بعد بلاول بھٹو زرداری ایسے بہادر مسلمان نکلے جنہوں نے کسی کا خوف کیے بغیر عالمی پلیٹ فارم پر اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا ہی وائرل ہونے والا جملہ بھی لکھا کہ ’بھارت کی کانپیں ٹانگ گئیں‘

ان کی طرح سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں کشمیر پر کھل کر بات کرنے پر ان کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارت کو مہمانوں کی عزت نہ کرنے والا میزبان قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

عدنان صدیقی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اچھا میزبان وہ ہوتا ہے جو مہمان کو اس کی شناخت اور سیاست سے بالاتر ہوکر عزت دے.

انہوں نے مزید لکھا کہ مہمانوں کو عزت نہ دینے سے میزبان کی بات خراب ہوتی ہے اور ایسے عمل کا کوئی نتیجہ نیں نکلتا بلکہ صورت حال خراب ہوجاتی ہے۔

عدنان صدیقی نے ’بلاول بھٹو زرداری‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

شوبز شخصیات کی جانب سے قبل پاکستانی صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارت میں جاکر وہاں پاکستان کا موقف دو ٹوک الفاظ میں پیش کرنے پر ان کی تعریفیں کی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024