• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

زارا ترین اور فاران طاہر کے درمیان علیحدگی کی خبریں

شائع May 5, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی نژاد امریکی ہولی وڈ اداکار فاران طاہر اور پاکستانی اداکارہ زارا ترین کے درمیان شادی کے ڈھائی سال بعد ہی علیحدگی کی خبروں سے ان کے مداح پریشان ہیں۔

دونوں نے نومبر 2021 میں زائد العمری میں شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں امریکا منتقل ہوگئے تھے، تاہم جوڑا پاکستان بھی آتا رہا۔

دونوں نے پسند سے شادی کی تھی اور ان کے درمیان کبھی کشیدہ تعلقات اور اختلافات کی خبریں بھی سامنے نہیں آئی تھیں۔

اگرچہ زارا ترین سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں، تاہم انہوں نے کبھی شوہر کے ہمراہ ویڈیوز یا تصاویر شیئر نہیں کی تھیں اور نہ ہی انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر شیئر کی تھیں۔

شادی کے ڈھائی سال بعد اب ان سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں کہ انہوں نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی۔

شوبز سوشل میڈیا پیج ’عرفانستان‘ کی جانب سے اپنی ایکسکلوژو پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ زارا ترین نے شوہر فاران طاہر سے علیحدگی اختیار کرلی۔

پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ زارا ترین نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان ذاتی وجوہات کی بنا پر علیحدگی ہوئی۔

اگرچہ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی، تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ دونوں نے کب راہیں جدا کرلیں اور کیا ان کے درمیان صرف علیحدگی ہوئی ہے یا پھر ان کی طلاق بھی ہوگئی؟

شوبز ویب سائٹس کی خبروں میں بھی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں شائع کی گئیں، جس پر دونوں اداکاروں کے مداح پریشان دکھائی دیے۔

دونوں نے علیحدگی کی خبریں پھیلنے کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی ان کے قریبی دوستوں نے اس متعلق کوئی وضاحت کی ہے۔

فاران طاہر اس وقت آنے والی کلاسیکل فلم ’امراؤ جان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ عثمان مختار کے ساتھ مذکورہ فلم میں اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔

اسی طرح زارا ترین بھی اپنے کچھ شوبز منصوبوں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

فاران طاہر امریکی شہری ہیں، ان کی پیدائش بھی وہیں ہوئی تھی اور وہ اب تک کم از کم 25 ہولی وڈ فلموں میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

علاہ ازیں وہ اب تک 70 کے قریب تھیٹر کے کھیلوں میں اپنے ہنر کو پیش کرچکے ہیں۔ 1989 میں فاران طاہر نے امریکی ٹیلی وژن سے فنی کیرئیر کی ابتدا کی اور ڈراما سیریز ’مڈ نائٹ کالر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد سے دورِ حاضر تک 180 ڈراما سیریز میں کام کرچکے ہیں۔

زارا ترین نے بھی متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکاری سے قبل وہ ماڈلنگ میں جلوے بکھیر چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024