• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مدیحہ امام کی شوہر سے متعلق وضاحت

شائع May 5, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مقبول اداکارہ مدیحہ امام نے شادی کی تصدیق کے محض دو دن بعد اپنے شریک حیات سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کے بعد وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی سے قبل کافی عرصے تک ان کی شوہر سے دوستی رہی۔

مدیحہ امام نے 4 مئی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں موجی بصر نامی شخص سے شادی کی تصدیق کی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ وہ یکم مئی کو رشتہ ازدواج میں بندھیں۔

انہوں نے شوہر سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی تھی، نہ ہی انہوں نے اپنی پوسٹ میں شوہر کو مینشن کیا تھا، تاہم ان کے شریک حیات کے چہرے کے خدوخال کو دیکھنے کے بعد مداحوں نے شکوک کا اظہار کیا تھا کہ ان کے شوہر بھارتی یا پھر نیپالی ہندو ہیں۔

بعد ازاں پاکستانی شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز نے بھی مدیحہ امام کے شوہر سے متعلق غیر مصدقہ ذرائع سے خبروں میں دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کے شریک حیات بھارتی نژاد فلم ساز و لکھاری ہیں۔

تاہم بعض مداحوں نے ان کے شوہر سے متعلق یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ مدیحہ امام کے شریک حیات کا تعلق نیپال سے ہے۔

اپنے شوہر سے متعلق مختلف افواہیں پھیلنے کے بعد اداکارہ نے ویب سائٹ ’جیو ٹی وی‘ سے بات کرتے ہوئے شریک حیات سے متعلق معلومات فراہم کی اور بتایا کہ ان کے شوہر فلم ساز نہیں ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل کافی عرصے تک ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان دوستی اور تعلقات رہے اور اب دونوں نے دوستی کو رشتے میں تبدیل کردیا۔

اداکارہ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ان کے شوہر بھارتی نہیں ہیں اور نہ ہی وہ فلم ساز ہیں۔

مدیحہ امام نے حیرانگی سے سوال کیا کہ نہ جانے کون ان کے شوہر سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہا ہے اور وہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر فلم پروڈیوسر اور فلم ساز نہیں اور نہ ہی وہ بھارتی ہیں۔

اگرچہ اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے شوہر بھارتی نہیں اور نہ ہی فلم ساز ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے شوہر کا تعلق نیپال سے ہےیا نہیں اور انہوں نے ان کے مذہب کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں کی۔

بھارتی ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق مدیحہ امام کے شوہر موجی بصر کا تعلق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہے اور وہ بولی وڈ فلم کی پروڈکشن ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں، علاوہ ازیں وہ شارٹ فلموں کے پروڈیوسر اور لکھاری بھی رہ چکے ہیں۔

موجی بصر کے حوالے سے فلموں اور فلمی شخصیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی معیاری ویب سائٹ ’آئی ایم بی ڈی‘ کے مطابق موجی بصر 2018 میں ایک مختصر فلم بنا چکے ہیں جب کہ وہ بولی وڈ فلم ’لُکا چھُپی‘ کی پروڈکشن ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب موجی بصر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے مطابق انہیں فلموں، موسیقی اور مارشل آرٹ میں دلچسپی ہے، تاہم انہوں نے اپنے اکاؤنٹ کو پرائیویٹ کر رکھا ہے۔

موجی بصر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مدیحہ امام کے ساتھ کچھوائی گئی تصویر کو پروفائل پک بنا رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024