• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

بشریٰ بی بی نے ’الزام تراشی‘ پر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیا

شائع May 4, 2023
فائل فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی
فائل فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ’الزام تراشی‘ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طرف سے مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ضابطہ فوجداری کے تحت کسی شہری کو بدنام کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

بشریٰ بی بی کی ایما پر فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے، نوٹس میں مریم نواز سے 7 روز کے اندر بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے یکم مئی کو لاہور میں ایک تقریر میں بشریٰ بی بی کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی۔

بیان واپس نہ لینے پر مریم نواز کو ضابطہ فوجداری اور ہتکِ عزت سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کڑی تنبیہ کی گئی ہے، مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریر کا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود اور باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر بشریٰ بی بی اور ان کے اہلِ خانہ کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہیں۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غلط بیانی، بشریٰ بی بی کے خلاف ہرزہ سرائی اور سیاسی مقاصد کے لیے الزام و دشنام کی منظم مہم پر ضابطہ فوجداری کے تحت 5 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں 2 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مریم نواز مسلسل بشریٰ بی بی کو نشانہ بنا رہی ہیں اس لیے ان کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فوجداری مقدمہ درج کرانے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مریم نواز مسلسل عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نشانہ بنا رہی ہیں اور ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے فائلوں پر دستخط کرانے کے لیے پیسے لیے ہیں تو اب بشریٰ بی بی کی طرف سے مریم نواز کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کبھی کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں سوائے اس کے کہ وہ غریبوں اور پناہ گاہوں کا دورہ کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن پر لاہور میں منعقد ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا تھا کہ جب آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے تو عمران خان گھڑیاں بیچنے کا کاروبار شروع کر دیتا ہے اور اس کی اہلیہ پنکی پیرنی الگ دوکان کھول لیتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی ایک ایک فائل پر پانچ قیراط کی انگوٹھیاں لیتی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024