• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بلوچستان: کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی، 39 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی کھاد اور چینی ضبط

شائع May 3, 2023
فائل فوٹو
فائل فوٹو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے محکمہ کسٹم نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران 39 کروڑ 20 لاکھ مالیت کی کھاد اور چینی ضبط کرلی ہے۔

ایف بی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ انسداد اسمگلنگ آپریشن کے دوران تین چھاپے مارے گئے جس میں 39 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی کھاد اور چینی ضبط کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ضروری اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن میں محکمہ کسٹم نے یوریا کھاد کی 41 ہزار 883 بوریاں برآمد کیں، جن کی مارکیٹ قیمت 16 کروڑ 7 لاکھ 53 ہزار روپے ہے جبکہ 44 ہزار 957 چینی کی بوریاں بھی برآمد کی گئیں جن کی مالیت 22 کروڑ 4 لاکھ 79 ہزار روپے ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بلوچستان سے تمام سینئر فیلڈ کسٹمز افسران کے تبادلوں کے بعد صوبے میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔

کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل فیض احمد کو بلوچستان سے افغانستان اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے صوبے بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کی نگرانی سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم، چینی، کھاد اور دیگر اشیا اسمگل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے ملک میں ان سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں بیش بہا اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو ذاتی طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا دورہ کرکے اعلیٰ حکام سے ملاقات کرنے کے بعد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

ایف بی آر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کے دوران 39 کرورڑ 2 لاکھ 32 ہزار روپے مالیت کی ضروری اشیا کے 86 ہزار 840 بیگز کی بھاری مقدار افغانستان اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں جس سے اسمگلنگ مافیا کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسٹمز انٹیلی جنس کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ بلوچستان کے مختلف مقامات پر بھاری مقدار میں یوریا کھاد اور چینی رکھی گئی ہے جس کو افغانستان اسمگل کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یکم مئی کو کسٹمز انٹیلی جنس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران خضدار میں ایک مقامی اسمگلر کے کارخانے پر چھاپہ مارا جہاں سے یوریا کھاد کے 26 ہزار 407 تھیلے اور 8 ہزار 209 چینی کے تھیلے برآمد کیے گئے۔

اسی ٹیم نے ضلع خضدار میں ایک اور مخصوص کمپاؤنڈ شفیع اللہ کرشنگ پلانٹ پر چھاپہ مارا جہاں کمپاؤنڈ کے مختلف علاقوں سے یوریا کھاد کی 10 ہزار 630 بوریاں اور چینی کی 3 ہزار 770 بوریاں برآمد کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تیسرا چھاپہ خضدار کی ایک مقامی مارکیٹ ارباب کمپلیکس پر مارا گیا اور 33 مختلف دکانوں سے چینی کی 22 ہزار 978 بوریاں اور یوریا کے 2 ہزاور 646 تھیلے برآمد ہوئے۔

ایف بی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں مقدمات میں احاطے کے مالکان ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی ٹرانسپورٹ اور ضروری اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف محکمہ زراعت اور کوآپریٹوز بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے مطابق ذخیرہ اندوز سامان کی قانونی حیثیت کو ظاہر کرنے کے لیے دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل بلوچستان کسٹمز انٹیلی جنس نے گڈانی اور نوشکی میں بھی یوریا کے 2200 تھیلے اور چینی کے 10 ہزار تھیلے قبضے میں لیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024