• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں میرا کردار عامر لیاقت کرنا چاہتے تھے، مانی کا انکشاف

شائع May 3, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکار اور میزبان سلمان ثاقب شیخ عرف مانی کا کہنا ہے کہ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں ان کا کردار مرحوم عامر لیاقت حسین کرنا چاہتے تھے۔

اداکار نے اس بات کا انکشاف نجی ٹی وی چینل کو فلم کی پروموشن کے لیے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

یاد رہے کہ مانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں غفار علی عرف ’جی اے مہاجر‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو کراچی کے شہری ہیں، انہوں نے فلم میں اپنے کردار سے متعلق انکشاف کیا کہ جب انہوں نے اس فلم سے متعلق مرحوم ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین سے بات کی تھی تو عامر لیاقت نے اس کردار کو نبھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

مانی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’فلم کے ڈائریکٹر فیصل قریشی نے سب سے پہلے مجھے اس کردار کے لیے پیشکش کی، میں فلم میں کچھ لوگوں کو یاد کر رہا ہوں اس میں عامر لیاقت ہیں کیونکہ جب میں نے ان کو فلم میں اپنے کردار سے متعلق بتایا تو انہوں نے فوراً کہا کہ ’یہ تو مجھے کرنا تھا یار!‘

مانی نے مزید کہا کہ ’عامر لیاقت نے اینی میٹڈ فلم دی ڈونگی کنگ 2 میں ایک کردار کی وائس اوور کی تھی، میرے خیال سے فلم کی ریلیز رک گئی ہے، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے، لیکن منی بیک گارنٹی دیکھتے ہوئے میں عامر لیاقت کو بہت یاد کروں گا کیونکہ ہماری دوستی ایسی تھی، انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ وہ اس فلم کو ضرور دیکھیں گے اور چاہتے تھے کہ فیصل انہیں بھی کاسٹ کریں۔

مانی کہتے ہیں کہ رمضان میں پروگرام کرنے کا ٹرینڈ بھی انہوں نے متعارف کروایا تھا۔

خیال رہے کہ ورسٹائل فنکار اور نامور ڈائریکٹر فیصل قریشی کی ڈائریکشن میں بنی سسپنس تھرلر فلم ’منی بیک گارنٹی‘ نے جاندار اسٹار کاسٹ، مکالموں، ایکشن مناظر اور پروڈکشن کوالٹی کے باعث شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

سسپنس، کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور فلم دنیا بھر میں 21 اپریل 2023 کو ریلیز ہوئی تھی، یہ روایت سے مکمل طور پر ہٹ کر بنائی گئی ایک منفرد فلم ہے۔

فلم کی کاسٹ میں بڑے نام شامل ہیں جن میں فواد خان، وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ، جاوید شیخ، حنا دل پذیر اور عدنان جعفر اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

عید پر ریلیز ہونے والی فلم نے 5 دن میں ملک بھر سے 8 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

مانی نے تنازعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب کوئی تنازع کھڑا ہوتا ہے تو پہلے یہ دیکھا جائے کہ وہ کس بنیاد پر کیا جارہا ہے؟ کسی کے بھی کمنٹ کو دیکھ کر خبر لگا دینا کسی آرٹسٹ کے لیے نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’خبر وہ ہونی چاہیے جو تصدیق شدہ ہو، کسی کی رائے کی بنیاد پر خبر بنا دینا غلط ہے، مثال کے طور پر فیروز خان کا مسئلہ ان کی طرف سے کم اور سوشل میڈیا پر زیادہ بڑا ہوگیا تھا، اس سے صرف آرٹسٹ کا نقصان ہورہا ہوتا ہے‘۔

سوشل میڈیا پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت سی چیزیں جو ہم مذاق میں کرتے تھے وہ باڈی شیمنگ جیسی مختلف اصطلاح کے زمروں میں آگئی ہیں۔

یاد رہے کہ فیروز خان کی اہلیہ علیزہ سلطان کی جانب سے ان پر لگائے گئے تشدد کے الزامات کے بعد شوبز انڈسٹری کے کئی اداکاروں اور دیگر شخصیات نے فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم بغیر کسی ثبوت کے خود پر تنقید کے جواب میں فیروز خان نے شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024