• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

موت کی خبر پھیلنے کے بعد کئی دن تک خود کو کمرے میں بند کردیا تھا، سعیدہ امتیاز

شائع May 2, 2023
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

اداکارہ سعیدہ امتیاز نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے کے بعد پھیلنے والی اپنی موت کی خبر کے بعد وہ کئی دن تک کمرے تک محدود رہیں، انہوں نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا۔

سعیدہ امتیاز کے اچانک انتقال کر جانے کی خبریں 19 اپریل کو ان کے انسٹاگرام اور فیس بک اکاوٌنٹ سے شیئر کی گئی تھیں۔

تاہم بعد ازاں اداکارہ نے سامنے آکر وضاحت کی تھی کہ ان کے اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کی موت کی جھوٹی خبر چلائی گئی۔

اب انہوں نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے موت کی خبریں پھیلنے کے بعد خود کو 11 دن تک کمرے میں بند کرلیا تھا۔

سعیدہ امتیاز نے ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں ندا یاسر کو بتایا کہ انہیں بھی کئی گھنٹوں بعد اس وقت اپنی موت کی خبر کا علم ہوا جب وہ نیند سے جاگیں۔

ان کے مطابق وہ اس وقت کراچی کی رہائش گاہ پر اکیلی تھیں، ان کا پورا خاندان امریکا میں تھا اور وہاں اس وقت صبح تک نہیں ہوئی تھی۔

اداکارہ کے مطابق جب وہ نیند سے جاگیں تو صدمے میں چلی گئیں اور انہیں سمجھ نہیں آیا کہ انہیں کیا کرنا چاہئیے لیکن پھر انہوں نے امریکا میں مقیم بھائی سے بات کرکے انہیں سمجھایا کہ وہ گھر والوں کو بتائیں کہ ان کی موت سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں۔

سعیدہ امتیاز کا کہنا تھا کہ انہیں جہاں کئی لوگوں کے فون آئے، وہیں کئی افراد ڈر کے مارے انہیں فون بھی نہیں کر پا رہے تھے، کیوں کہ وہ لوگ ڈرے ہوئے تھے کہ کہیں ان پر اداکارہ کی موت کا الزام نہ آئے اور انہیں شامل تفتیش نہ کیا جائے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اس وقت مزید تکلیف ہوئی اور وہ صدمے میں چلی گئیں جب ان کی موت کی خبر سن کر لوگ ان کے گھر آنے لگے اور انہیں زندہ دیکھ کر حیران ہوگئے اور انہیں گلے لگاتے رہے۔

سعیدہ امتیاز کے مطابق وہ اپنی موت کی خبر سن کر اور لوگوں کو پریشانی کی حالت میں اپنے گھر دیکھ کر مزید ڈپریشن میں چلی گئیں اور انہیں بھی شدید خوف ہونے لگا۔

انہوں نے بتایا کہ موت کی خبریں پھیلنے کے بعد انہیں قبر اور موت کا خوف آنے لگا اور انہیں اپنے ہی گھر میں ایسی بُو آنے لگی، جیسی بُو اس گھر سے آتی ہے، جہاں نئی فوتگی ہوجاتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی موت کی خبروں کے صدمے سے نکلنے میں کافی دن لگے اور وہ گھر کے کمرے سے 30 اپریل کو نکلیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے شہرت کی خاطر اپنی موت کی جھوٹی خبریں پھیلائیں؟

انہوں نے سوال کیا کہ کون شہرت کی خاطر اپنی موت کی خبریں پھیلاتا ہے؟

سعیدہ امتیاز کا کہنا تھا کہ وہ اپنی موت پر کمنٹس کرنے والے افراد کے کمنٹ پڑھ کر دلبرداشتہ ہوگئیں، کیوں کہ لوگوں نے بڑے بڑے دعوے کیے کہ اور لکھا کہ اداکارہ نشہ کرتی تھیں اور زیادہ نشہ کرنے کی وجہ سے چل بسیں۔

ان کے مطابق بعض لوگوں نے لکھا کہ اداکارہ کا دل توٹا ہوا تھا اور وہ افسردگی کی وجہ سے چل بسیں۔

سعیدہ امتیاز کا کہنا تھا کہ وہ دو ہفتوں بعد صدمے سے نکلنا شروع ہوئی ہیں اور اب آہستہ آہستہ ان کی زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024