• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 3 دہشت گرد ہلاک، متعدد گرفتار

شائع May 2, 2023
سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں— فائل فوٹو: اے پی
سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں— فائل فوٹو: اے پی

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی تین الگ الگ آپریشنز میں تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں شدت پسند کمانڈر جبار شاہ عرف شاہ عالم سمیت تین دہشت گرد مارے گئے جب کہ 2 زخمی ہوئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی خبر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی پر یکم مئی کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ سمیت 07 دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں بالخصوص سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو انتہائی مطلوب تھے۔

علاقے کے مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دیے تھے جب کہ جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024