• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ملٹی لیگ ٹی 20 معاہدوں پر مستقبل کے منظرنامے سے کرکٹ بورڈز خوفزدہ

شائع May 1, 2023 اپ ڈیٹ May 2, 2023
— فوٹو: آئی پی ایل ٹوئٹر
— فوٹو: آئی پی ایل ٹوئٹر

انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائزز غیرملکی کھلاڑیوں کو ان کے قومی بورڈز کے مقابلے میں بنیادی روزگار فراہم کرنے جا رہی ہیں، جو ملٹی ٹورنامنٹ کے معاہدوں کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس کے لیے چند کھلاڑیوں کو پہلے ہی پیش کش کی جا چکی ہے جبکہ اس پیش رفت نے کرکٹ بورڈز کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق آئی پی ایل کی 10 فرنچائزز میں سے 8 بیرون ملک ہونے والی دوسری لیگ میں کم از کم ایک ٹیم کی مالک ہیں اور ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز کے مالکان نے جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور امریکا میں ہونے والے نئے ٹی20 ٹورنامنٹس میں بھی ٹیمیں حاصل کر لی ہیں۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے مشہور ایجنٹ نیل میکسویل نے رائٹرز کو بتایا کہ متعدد کھلاڑیوں کو ملٹی کلب معاہدوں کی پیش کش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور ایک آسٹریلوی کھلاڑی سے معاہدہ کرنا پہلے ہی ایک مختلف شکل اختیار کر چکا ہے۔

بہترین کھلاڑیوں کو پر کشش معاہدوں کی پیش کش کرنے والی ٹی 20 لیگز کی بڑھتی تعداد کا مطلب ہے کہ قومی ٹیموں کو بعض اوقات سیکنڈ ٹیم میدان میں اتارنی پڑے گی، متصادم شیڈول کے باعث ویسٹ انڈیز کو گزشتہ کئی برسوں سے اپنے بہترین کھلاڑی میدان میں اتارنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

صورتحال قومی بورڈز کے لیے مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وہ پرائیویٹ فرنچائز مالکان کی جانب سے اسٹار کھلاڑیوں کو پیش کردہ ملٹی لیگ معاہدوں کا مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا واضح اشارہ گزشتہ سال اس وقت ملا جب اس کی فرنچائزز نے جنوبی افریقہ کی ٹی 20 لیگ میں منافع بخش تمام 6 ٹیموں کو خرید لیا تھا۔

بھارتی فرنچائز اب چاہتی ہیں کہ ان کے منتخب کردہ غیر ملکی کھلاڑی متعدد مخلتف لیگز میں ان کی نمائندگی کریں، معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اس حوالے سے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔

رائٹرز کی جانب سے رابطہ کی گئی آئی پی ایل فرنچائزز میں سے کسی نے بھی اپنی پیش کش کی تصدیق نہیں کی لیکن چند کرکٹ بورڈز پہلے ہی اپنے ٹیلنٹ کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کر رہے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ ماہ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 7.5 فیصد اضافے کا اعلان کیا جبکہ اس کے ساتھ ہی بگ بیش لیگ میں تنخواہ کی حد میں بھی اضافہ کیا گیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ میچ فیس میں اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اپنے بہترین کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے لیے کئی سال کے معاہدوں کی پیش کش کر رہا ہے۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کے مینیجر نیل میکسویل نے کہا کہ بورڈ پہلی بار مسابقت کے نتیجے میں طویل مدتی معاہدے کی پیش کش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے مقابلے کی فضا میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ یہ صورت حال کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انتخاب کا موقع دیتی ہے کہ کب اور کہاں کھیلنا ہے۔

پیٹ کمنز کو اس بات پر کوئی حیرانی نہیں کہ صورت حال کتنی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، انہوں نے فاکس اسپورٹس کو بتایا کہ ایسے مواقع بھی آنے والے ہیں جہاں کھلاڑیوں کے لیے دنیا بھر کی مختلف فرنچائزز کو منع کرنا واقعی مشکل ہو گا، مجھے لگتا ہے کہ حقیقت پسندانہ طور پر ہمیں کھلاڑیوں کو ماضی کے مقابلے میں بہتر طور پر مینیج کرنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024