• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سوڈان سے غیر ملکیوں کا انخلا جاری، مزید 37 پاکستانی سعودی عرب منتقل

شائع April 26, 2023
پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو لے کر جہاز جدہ پہنچ گیا — فوٹو: دفتر خارجہ
پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو لے کر جہاز جدہ پہنچ گیا — فوٹو: دفتر خارجہ

سوڈان میں فوج اور پیراملٹری گروپ کے درمیان مسلح جھڑپیں جاری ہیں جہاں سے پاکستانیوں سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے شہریوں کا انخلا جاری ہے اور 37 پاکستانیوں کو لے کر جہاز سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوڈان سے پاکستان کے شہریوں کا انخلا جاری ہے اور پورٹ سوڈان سے 37 پاکستانیوں کو لے کر بحری جہاز جدہ پہنچ گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جدہ پورٹ پر پاکستانی قونصل جنرل خالد ماجد نے شہریوں کا استقبال کیا اور ہم سعودی عرب کی حکومت کے تعاون اور میزبانی پر مشکور ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بیان میں بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے انخلا کا عمل جاری ہے اور سوڈان سے مختلف ممالک کے شہریوں کو لے کر جہاز جدہ پہنچا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آج سوڈان سے 11 سعودی شہریوں سمیت مجموعی طور پر ایک ہزار 674 افراد کو جدہ منتقل کردیا گیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ان افراد میں پاکستان، عمان، لیبیا، الجیریا، مراکش، تیونس، لبنان، مصر، عراق، اردن، فلسطین، موریطانیہ، یمن، امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، فرانس، نیدرلینڈز، ہنگری، سویڈن، ترکیہ، بھارت، افغانستان، زمبابوے اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تمام غیرملکی شہریوں کے انخلا کا انتظام سعودی فرمانروا کی ہدایت پر سعودی عرب کر رہا ہے اور اب تک سوڈان سے مجموعی طور پر 2 ہزار 148 افراد کا انخلا ہوچکا ہے، جس میں 114 افراد کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے بتایا کہ 2 ہزار 34 افراد کا تعلق دنیا کے دیگر 62 ممالک سے ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ مزید 211 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ سوڈان میں پاکستانیوں کی سہولت کے لیے عید کے موقع پر انتھک محنت کرنے پر میں دفتر خارجہ کی پوری ٹیم اور خرطوم میں مشن کا مشکور ہوں۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 500 پاکستانیوں کو بحفاظت سمندر کے راستے سعودی عرب لے جانے کے لیے سوڈان کی بندرگاہ پہنچا دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ان 500 پاکستانیوں کو پاکستان ایئر فورس اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی مدد سے خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ سے وطن واپس لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری گروپ کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں آرمی چیف عبدالفتح البرہان کی فورسز اور ان کے نائب محمد ہمدان داغلو کی زیر کمان پیراملٹری کے درمیان 15 اپریل کو جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، محمد ہمدان آر ایس ایف کے کمانڈر ہیں۔

دونوں متحارب کمانڈروں نے 2021 میں مل کر سول حکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن ماضی کے اتحادی جلد ہی حکومت کے حصول میں بدترین دشمن بن چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اداروں کے مطابق اب تک جھڑپوں میں 459 افراد مارے گئے ہیں اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب سوڈان کی فوج اور پیراملٹری فورس نے گزشتہ روز 10 روز سے جاری خانہ جنگی میں 3 دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کردیا تھا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے جنگ بندی کے نفاذ سے کچھ دیر قبل جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ ’سوڈان آرمڈ فورسز (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے طویل مذاکرات کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کرلیا‘۔

آر ایس ایف نے بیان میں کہا کہ اس جنگ بندی کا مقصد انسانی ہمدردی کی راہ قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو ضروری وسائل، علاج معالجہ اور محفوظ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے اور سفارتی مشنز کا بھی انخلا ممکن ہو۔

سوڈان کی فوج نے فیس بُک پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ جنگ بندی کی پابندی اس شرط پر کریں گے کہ ہمارے حریف بھی اس کی پاسداری کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024