• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سوڈان: متحارب فریقین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی پر اتفاق

شائع April 25, 2023
سوڈان سے لاکھوں شہری فرار ہونے سے قاصر ہیں — فوٹو: رائٹرز
سوڈان سے لاکھوں شہری فرار ہونے سے قاصر ہیں — فوٹو: رائٹرز

سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورس کے درمیان 10 روز سے جاری خانہ جنگی میں آئندہ 3 روز تک کے لیے جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے جنگ بندی کے نفاذ سے کچھ دیر قبل جاری ایک بیان میں کہا کہ ’سوڈان آرمڈ فورسز (ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے طویل مذاکرات کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کرلیا‘۔

اس تنازع پر قابو پانے کے لیے پچھلی تمام کوششیں ناکام رہیں لیکن اب بالآخر دونوں فریقین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 3 روز کی جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔

آر ایس ایف کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’اس جنگ بندی کا مقصد انسانی ہمدردی کی راہ قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری وسائل، علاج معالجہ اور محفوظ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے جبکہ سفارتی مشنز کا بھی انخلا کیا جائے۔

فیس بُک پر ایک بیان میں ’سوڈان آرمڈ فورسز‘ نے کہا کہ جنگ بندی کی پابندی اس شرط پر کریں گے کہ ہمارے حریف بھی اس کی پاسداری کریں۔

امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیائی ممالک نے اپنے سفارت خانوں کے عملے اور سوڈان میں مقیم شہریوں کو سڑک، ہوائی راستے اور سمندری راستے سے انخلا کے لیے ہنگامی مشن شروع کردیے ہیں۔

تاہم دنیا کے غریب ترین ممالک میں شمار کیے جانے والے ملک سوڈان سے لاکھوں سوڈانی فرار ہونے سے قاصر ہیں جس کی تاریخ فوجی بغاوتوں سے بھری پڑی ہے۔

سوڈان کے شہری پانی، خوراک، ادویات اور ایندھن کے ساتھ ساتھ بجلی اور انٹرنیٹ کی بندش کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ کچھ سوڈانی شہری چاڈ، مصر اور جنوبی سوڈان جانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا تھا کہ ’سوڈان تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، ان پرتشدد کارروائیوں کے اثرات پورے خطے اور اس سے آگے تک پھیل سکتے ہیں‘۔

برطانیہ نے سوڈان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے، ایک سفارت کار کے مطابق یہ اجلاس آج منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید 211 پاکستانی پورٹ سوڈان پہنچ گئے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بتایا کہ مزید 211 پاکستانی پورٹ سوڈان پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الحمدللہ 211 پاکستانیوں کا ایک اور قافلہ بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گیا، سوڈان میں پاکستانیوں کی سہولت کے لیے عید کے موقع پر انتھک محنت کرنے پر میں دفتر خارجہ کی ہماری پوری ٹیم اور خرطوم میں مشن کا مشکور ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس عمل میں سہولت فراہم کرنے پر خطے کے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب کے مشکور ہیں‘۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیراملٹری گروپ کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں آرمی چیف عبدالفتح البرہان کی فورسز اور ان کے نائب محمد ہمدان داغلو کی زیر کمان پیراملٹری کے درمیان 15 اپریل کو جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، محمد ہمدان آر ایس ایف کے کمانڈر ہیں۔

دونوں متحارب کمانڈروں نے 2021 میں مل کر سول حکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن ماضی کے اتحادی جلد ہی حکومت کے حصول میں بدترین دشمن بن چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024