• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

پانچواں ٹی 20 میچ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع April 25, 2023
مڈل آرڈر بلے باز  مارک چیپمین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناقبل شکست  سینچری بنائی—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
مڈل آرڈر بلے باز مارک چیپمین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناقبل شکست سینچری بنائی—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو، دو سے برابر کردی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز مارک چیپمین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناقبٹل شکست سنچری بنائی، وہ 57 گیندوں پر 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ان کے ہمراہ کریز پر موجود جمی نیشم بھی نے 25 بالز پر 45 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل کیوی کپتان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ان کے علاوہ چیڈ بوز 19، ول ینگ 4 اور ڈیری مچل 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے 2، 2 کیوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ نے 194 رنز کا ہدف 19ویں اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا اور یوں پانچ میچوں کی سیریز 2،2 سے برابر ہوگئی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 193 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر اوپنر محمد رضوان نے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

محمد رضوان 62 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ان کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد 22 گیندوں پر 36 اور آل راؤنڈر عماد وسیم 14 بالز پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم 19 رنز بناسکے جب کہ محمد حارث اور صائم ایوب کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، آل راؤنڈر فہیم اشرف ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح سے پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، سیریز کے پہلے تین میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ بارش اور ژالہ باری کے باعث بے نتیجہ ختم کردیاگیا تھا۔

بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالیے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر بلیئر ٹکنر نے 3 اور ایش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی تھی، قومی بلے باز افتخار احمد کی 24 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کی بہترین باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں 38رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت مہمان ٹیم کو صرف 94 رنز پر ڈھیر کر کے میچ میں 88 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اتری ہے جب کہ نیوزی لینڈ کو ٹام لیتھم لیڈ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، جیمز نیشم کو کول میک کونچی کی جگہ اور بلیئر ٹکنر کو معمولی انجری کے شکار میٹ ہنری کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان نے بھی اپنے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فخر زمان اور زمان خان کی جگہ احسان اللہ اور محمد حارث کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، احسان اللہ اور محمد حارث

نیوزی لینڈ ٹیم: ٹام لیتھم (کپتان)، چاڈ بووز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، ایڈم ملنے، بلیئر ٹکنر، ایش سودھی، ہنری شپلی

ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 27 اپریل سے شروع ہو گی ۔سیریز کا دوسرا میچ 29 اپریل ، تیسرا میچ 3 مئی ، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا۔

سیریز کے پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024