2022 میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے آپریشنز 20 ارب 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2022 میں ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک کی مدد کے لیے اپنے وسائل سے 20 ارب 50 کروڑ ڈالر فنڈنگ کی کمنٹمنٹ کی تاکہ یہ خطے تازہ معاشی مشکلات اور بحرانوں کے باوجود کووِڈ 19 وبا کے تباہ کن اثرات سے نکل سکیں۔
پیر کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 20 ارب 50 کروڑ ڈالر میں قرضے، ضمانتیں، گرانٹس، ایکویٹی سرمایہ کاری، حکومتوں اور نجی شعبے کو فراہم کی جانے والی تکنیکی مدد شامل تھی۔
بینک کی سالانہ رپورٹ میں شائع ہونے والے مالی اور آپریشنل نتائج کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے کو-فنانسنگ میں اضافی 11 ارب 40 کروڑ ڈالر کے فنڈز متحرک کیے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2022 میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی تخفیف اور اس کے خلاف موافقت پیدا کرنے کے لیے 6 ارب 70 کروڑڈالر کی فنانسنگ کا وعدہ کیا تاکہ 2019-2030 کے درمیان مجموعی موسمیاتی فنانسنگ میں 100ارب ڈالر فراہم کرنے کے عزائم کی جانب پیش قدمی ہو۔
خطے کے بگڑتے ہوئے خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لیے اے ڈی بی نے اپنے 14 ارب ڈالر کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے تحت 3 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کیے ، یہ پروگرام انتہائی ضرورت مند لوگوں کو ضروری غذائی امداد فراہم کرتا ہے اور خوراک کی پیداوار کے نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
معاشی بحالی میں مدد کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک نے ادارہ جاتی اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے اور اہم معاشی شعبوں میں ترقی کے لیے مالی معاونت فراہم کی، نجی شعبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے 3 ارب 90 کروڑ ڈالر کی کمنٹمنٹ میں مشکل کاروباری ماحول کا سامنا کرنے والے کاروباری اداروں کے لیے اہم لیکویڈیٹی سپورٹ شامل ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایشیائی ترقیاتی بینک نے معیاری انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ، اس سرمایہ کاری نے معیشت کو بڑے پیمانے پر لچک دار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صنفی مساوات کو فروغ دینا ایشیائی ترقیاتی بینک کی ترجیح رہی جب کہ 2022 میں بینک کے 97 فیصد آپریشنز نے اس ایجنڈے میں حصہ لیا۔
اس ایجنڈے میں خواتین کی معیاری ملازمتوں تک رسائی بہتر بنانا، خواتین کی کاروباری صلاحیت کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف خواتین کو تیار کرنے کے اقدامات شامل تھے۔
2022 کے دوران پاکستان کے لیے خاطر خواہ ہنگامی امداد فراہم کرتے ہوئے، اے ڈی بی نے وبائی مرض کے بعد گرین گرتھ کی حمایت کی اور وسطی و مغربی ایشیا کی مدد کے لیے اپنے ترقی پذیر رکن ممالک میں مختصر اور طویل مدتی چیلنجز کے خلاف مدد میں اضافہ کیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2022 میں خطے کے لیے مجموعی طور پر 6 ارب ڈالرز کی کمنٹ منٹ کی جس میں 4 ارب 80 کروڑ ڈالر خودمختار فنانسنگ اور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر غیر خودمختار سرمایہ کاری شامل تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور پاکستان خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے، یوکرین پر روسی حملے، مقامی سطح پر ہونے والی مہنگائی اور کھپت میں کمی کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، اس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو 2022 میں تباہ کن سیلاب کا بھی سامنا کرنا پڑا جس میں 1500 سے زائد افراد کی جانیں گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بینک نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے فوری مدد فراہم کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا، ستمبر میں ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ تقسیم کی اور ہنگامی طور پر خوراک کی فراہمی، خیموں اور دیگر امدادی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس ہنگامی امداد کی پیروی کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی براہ راست اور جامع امداد کے لیے مزید 449 ملین ڈالر متخص کیے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قرض، تکنیکی مدد اور دوبارہ تعتجویز کردہ فنانسنگ پر مشتمل پیکیج میں 485 کلومیٹر اہم سڑکوں اور تقریباً 30 پلوں کی تعمیر نو شامل ہے۔
اے ڈی بی نے پاکستان کو ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کے ساتھ ساتھ کوفنانسنگ کے تحت بلڈنگ ریزیلینس ود ایکٹیو کاؤنٹر سائیکلیکل ایکسپینڈیچر پروگرام کے ذریعے بھی 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔
پاکستانی خواتین کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اے ڈٰ بی نے خیبر پختونخوا میں سیکنڈری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 10 کروڑ ڈالر قرض دینے کا وعدہ کیا۔