• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

محنت، لگن، یقین اور خوابوں کے گرد گھومتی منفرد کہانی ’22 قدم‘

شائع April 17, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

22 قدم کی کہانی محنت، لگن، یقین اور خوابوں کے گرد گھومتی ہے جہاں انسان اپنے خواب کو سچ کرنے کے لیے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھورتا، ٹی وی اسکرین کے نامور اداکار وہاج علی اور حریم فاروق اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ ڈراما نیا چینل گرین انٹرٹینمنٹ پر عید کے بعد نشر ہوگا۔

کرکٹ سے محبت

پاکستانیوں کی کرکٹ سے محبت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کے شہروں کی تنگ گلیوں سے لے کر ہزاروں تماشائیوں سے بھرے بڑے اسٹیڈیم تک، کرکٹ ہر نسل اور رنگ کے لوگوں کو متحد کرتا ہے۔

کرکٹ سے محبت صرف ایک صنف کے لیے مخصوص نہیں ہے،گزشتہ برسوں سے خواتین بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے میدان میں اپنی شاندار پرفارمنس سے ملک و قوم کا نام روشن کررہی ہیں۔

ان تمام کامیابیوں کے باوجود کئی لوگ اسے ’مردوں کا کھیل‘ سمجھتے ہیں، اسی تصور کو ختم کرنے کے لیے بنایا گیا ڈراما 22 قدم شائقین کی توجہ کا مرکز ہے۔

22 قدم - کہانی

ڈرامے میں حریم فاروق نے ’فاری‘ کا کردار نبھایا ہے جو قومی سطح پر کرکٹ کھیلے کا خواب دیکھتی ہے۔

فاری کا یہ محض خواب نہیں ہے بلکہ کرکٹ کھیلنا اس کا جذبہ اور اس کی ضد ہے کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ یہ خواب اس کو اپنی زندگی اپنے طور پر جینا سکھائے گا۔

فاری اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے، ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فاری اس خواب کو پورا کرنے کے لیے جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی طور پر جدوجہد کرتی ہے۔

ٹریلر میں ایک جگہ فاری کا ڈائلاگ ہے کہ ’آج ہم کرکٹ میدان میں ہاریں یا جیتیں، چاہے مجھے میدان میں اکیلے ہی کیوں نہ کھیلنا پڑے، میں کھیلوں گی، میدان چھوڑ کر، ڈر کر بھاگنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘۔

فاری کے خواب اور عزم کو پورا کرنے کے لیے جنید اس کی حمایت کرتا ہے، جنید کا کردار ورسٹائل اداکار وہاج علی نے نبھایا ہے۔

جنید ایک کرکٹر ہے جو فاری کی طرح محنت اور جذبہ رکھتا ہے اور قومی اسکواڈ میں منتخب ہونے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھتا ہے۔

جنید ایک کرکٹر ہونے کے ساتھ فاری کی ٹیم کا کوچ بھی ہے جو انہیں کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلنے کی تربیت دیتا ہے، ٹریلر میں انہیں متعدد جگہ فاری اور اس کی ٹیم کو حوصلہ افزائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مختصراً جنید شکست کو فتح میں بدلنے پر یقین رکھتا ہے۔

22قدم جیسی کہانی کی اہمیت اور ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

یہ ایک ایسی کہانی ہے جہاں خواتین کے خواب کو پورا کرنے کے لیے مرد رکاوٹ کا باعث نہیں بنتا بلکہ وہ ان کے خواب کو پورا کرنے میں مدد اور حوصلہ افزائی کرتا ہے، یہ ایک ایسی کہانی ہے کہ خوابوں کو پانے کے لیے کئی قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور درد برداشت کرنا پڑتا ہے۔

22 قدم ایسی کہانی ہے جہاں انسان اپنی غلطیوں سے سیکھ کر فتح کی منزل حاصل کرتا ہے، اور انتھک محنت کے بعد حاصل کی گئی کامیابی کی خوشی بھی دیدنی ہوتی ہے۔

انسانی پہلو

ذیشان الیاس کی تحریر کردہ اور انجم شہزاد کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈراما 22 قدم کی توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز نہیں ہے۔

انسان جب بھرپور جذبے اور لگن کے ساتھ کوئی کھیل کھیلتا ہے تو اس میں اس کے جذبات بھی چھپے ہوتے ہیں، اور جب اس کھیل میں شکست کا سامنا ہوجائے تو اس میں کامیابی حاصل کرنا ضد بن جاتا ہے۔

بالخصوص تب جب اس کھیل کو ’صرف مردوں کا کھیل‘ سمجھا جائے اور خواتین اس کھیل میں اپنا نام بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہوں۔

زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے، ایک دوسرے سے بالکل مختلف زندگی گزارنے والے کردار، جن کا مشترکہ خواب اور منزل صرف کھیل ہے، 22 قدم بھی اسی کھیل سے محبت کے اظہار کی کہانی ہے اور اس منزل کو پانے کے لیے ہر مشکلات کا ڈٹ کر مقابلے کرنے کو تیار ہیں۔

ڈرامے کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد شائقین اسے اپنی ٹی وی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024